فلسطینیوں پر جبر روا رکھنے والا اسرائیل ہمیں انسانی حقوق پر لیکچر نہ دے: پاکستان

منگل 11 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو انسانی حقوق کی پاسداری بہتر طور پر کرنے کا اہل ہے جس کے لیے اسے اسرائیل کے مشوروں کی ضرورت نہیں جس کی خود جبر سے بھرپور تاریخ ہے جو اس نے فلسطینیوں پر روا رکھا ہوا ہے۔

میڈیا کو جاری کردہ بیان میں ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے آج پاکستان کی یونیورسل پیریویڈک رپورٹ کو متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے اور کئی ریاستوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے انسانی حقوق کے فروغ میں حاصل ہونے والی پیش رفت پر پاکستان کی تعریف کی ہے۔

ترجمان خارجہ وزارت نے کہا کہ اسرائیل کا سیاست پر مبنی دیا گیا بیان بنیادی طور پر انسانی حقوق کونسل کے سیشن کے مثبت لہجے اور ریاستوں کی ایک بڑی اکثریت کے بیانات سے متصادم ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں پاکستانی مندوب کو سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان جبری گمشدگیوں، تشدد، پر امن احتجاج پر کریک ڈاؤن، مذہبی اقلیتوں پر تشدد کو روکنے کے لیے کارروائی کرے۔

اقوام متحدہ میں اسرائیل کی نائب مستقل مندوب آدی فرجون نے پاکستانی مندوب کی موجودگی میں کہا کہ اسرائیل کو پاکستان میں انسانی حقوق کی مجموعی صورت حال، جبری گمشدگیوں، تشدد، پرامن احتجاج پر کریک ڈاؤن، اقلیتوں اور دیگر پسماندہ گروپوں کے خلاف تشدد پر تشویش ہے۔

پاکستان کے حوالے سےآئی ایم ایف کو کل 340 سفارشات موصول ہوئیں جن میں سے 253 کو پاکستان کی حمایت حاصل ہوئی جب کہ 87 کو صرف نوٹ کیا گیا جن میں اسرائیل کی سفارشات بھی شامل تھیں۔

آدمی فرجون نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ ضروری ہے کہ پاکستان من مانی گرفتاریوں، تشدد جیسے ناروا سلوک کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائے اور سزائے موت کے وسیع استعمال کو ختم کرنے میں ہماری سفارشات پر عمل کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے عالمی معیار کے مطابق ہم جنس پرستی کے قانونی تحفظ سمیت جنسی رجحانات اور صنفی شناخت کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا خاتمہ کرنے کے لیے قانون سازی کرے۔

اسرائیلی مندوب نے مزید کہا کہ جنوری 2023 میں پاکستان کی قومی اسمبلی نے توہین مذہب کے قوانین کو سخت کرنے کی قرارداد منظور کی جو اکثر اقلیتیوں کو جبرکا نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستانی دفتر خارجہ نے اس خبر پر انڈیپینڈنٹ اردو کو دیے گئے اپنے رد عمل میں کہا تھا کہ فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے والے اسرائیل کی نصیحت کی پاکستان کو ضرورت نہیں اور پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ میں اسرائیلی مشورے ضروری نہیں سمجھتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp