اسرائیل کی تحریک انصاف کی حمایت پر حکومتی و سیاسی رہنماؤں کارد عمل

بدھ 12 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ کے اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے پاکستان پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزامات پر حکومتی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت سے تحریک انصاف عمران خان کو فنڈنگ ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے تھی، ریاست کے خلاف سازش کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ فارن فنڈنگ کے مقاصد 9 اور 10 مئی کو حاصل کر لیے گئے، آج اسرائیل 9 اور 10 مئی کے مرکزی ملزم کو بچانے کی بات کرتا ہے، ہمیں کوئی بتا دے کہ ہماری ریاست پر حملہ کرنا جرم ہے یا نہیں، اگر ان کی ریاستوں میں ایسا جرم ہوتا ہو تو کیا انسانی حقوق کی آڑ میں دوسری ریاستیں بھی ان کو بچانے کی کوشش کرتی ہیں۔

استحکامِ پاکستان پارٹی کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ میں اسرائیل کی پی ٹی آئی کی حمایت سوالیہ نشان ہے، فلسطینیوں پر ظلم ڈھانے والا اسرائیل کس منہ سے پاکستان پر تنقید کر رہا ہے؟

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان میں ڈیڑھ سال سے جاری فساد عالمی سازش تھی، حقیقی آزادی کے نام پر اسرائیل اور یہودی لابی کے مقاصد کو پورا کیا جا رہا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے تحریک انصاف کے حق میں پاکستان پر الزام تراشی شدید قابل مذمت ہے۔

 چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ نیازی اس کیمپ کا حصہ ہیں جو فلسطینیوں کے حقوق پامال کر رہے ہیں۔ ’اسرائیل کیپیٹل ہل حملے میں ملوث لوگوں کی گرفتاری اور سزا پر نہیں بولا، کیا وجہ ہے وہ پاکستان کے حساس تنصیبات پر حملہ آوروں کے حق میں سفارشات پیش کر رہا ہے۔‘

’اسرائیل مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کیوں نہیں بولتا؟ دراصل بات انسانی حقوق کی نہیں بلکہ اسرائیل کی تحریک انصاف اور اس کے چیئرمین کے ساتھ “خصوصی ہمدردی” کی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے کسی اور ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی باتیں مضحکہ خیز لگتی ہیں۔ اسرائیل خود 60 سالوں سے ہر روز فلسطین کے عوام کے بنیادی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے، وہ کس منہ اور حیثیت سے انسانی حقوق کے حوالے سے دنیا کو لیکچر دے رہا ہے؟

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ  اسرائیل کا 9 مئی واقعات پر اقوام متحدہ میں جانا حساس نوعیت کا معاملہ ہے، فارن فنڈنگ، 9 مئی واقعات کے تانے بانے اینٹی پاکستان پاکستان مخالف قوتوں سے ملتے ہیں، اس کا بین الاقوامی ثبوت مل گیا ہے، اسرائیلی شہریوں کی فنڈنگ کے جوابات آج مل گئے ہیں۔

عطاتارڑ نے کہا کہ اسرائیل نے پی ٹی آئی کی حمایت کی ہے، اسرائیل کی شکایت پر انسانی حقوق پر پاکستان صفائی دے عجیب سی بات ہے، 9 مئی کوملکی سالمیت کو نقصان پہنچایا گیا، جیل میں موجود خواتین قیدیوں نے کہا کوئی ظلم نہیں ہو رہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp