وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانیے اور تکبر کی سیاست کو شکست ہوئی، ایک سال قبل جو مسائل تھے ان سے نکلنا اتنا آسان نہیں تھا مگر اللہ کے فضل سے ہم کامیاب ہوئے۔
اسلام آباد شاہین چوک میں فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی، اسلام آباد میں متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ بہارہ کہو فلائی اوور تکمیل کے قریب پہنچ چکا، چند روز میں وزیراعظم اس کا افتتاح کریں گے۔
مزید پڑھیں
رانا ثنااللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سیاست کامیاب اور تکبر کرنے والے سرنگوں ہوئے ہیں۔ حالات بہت تیزی سے بدلے ہیں اور ہم خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں نے کوششیں کیں کہ حکومت کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہ ہو۔ ان لوگوں نے سازش کی کہ کسی بھی طرح ملک ڈیفالٹ کر جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم نے اتحادی حکومت میں کسی کو ناراض ہونے کا موقع نہیں دیا۔ انہوں نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب آج بھی آپ کو یاد کر رہا ہے۔
تقریب میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔