سپریم کورٹ نے ایک سال میں کتنے مقدمات نمٹائے؟ تفصیلات جاری

بدھ 12 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2 فروری 2022 سے یکم فروری 2023 تک مقدمات کا ڈیٹا جاری کر دیا جس کے مطابق گزشتہ ایک سال میں مجموعی طور پر 22 ہزار 843 مقدمات نمٹائے گئے، ایک سال میں 20 ہزار 707 مقدمات سپریم کورٹ میں رجسڑڈ ہوئے۔

سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق 2 فروری 2022 کو زیر التوا مقدمات کی تعداد 54 ہزار 706 تھی جبکہ یکم فروری 2023 کو مقدمات کی تعداد 52 ہزار 590 تک لائی گئی اور مجموعی طور سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد میں 2116 مقدمات کی کمی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستانی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد بھارت سے کہیں زیادہ

اعلامیہ کے مطابق گزشتہ 10 سالوں میں پہلی مرتبہ مقدمات کی تعداد میں کمی ہوئی، 2013 کے بعد ہر سال سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہوا تاہم دسمبر 2022 میں پہلی مرتبہ مقدمات کی تعداد میں 1722 مقدمات کی کمی ہوئی۔

سپریم کورٹ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے بینچ کے سربراہ کے طور پر 243 دنوں میں 8 ہزار 796 مقدمات نمٹائے، جسٹس اعجاز الاحسن نے 247 دنوں میں 4664 مقدمات نمٹائے، جسٹس سردار طارق مسعود نے 158 دنوں میں 3126 مقدمات نمٹائے اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 188 دنوں میں 1323 مقدمات نمٹائے ہیں۔

واضح رہے کہ اپریل میں وی نیوز نے تفصیلات سامنے لائی تھیں کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 51 ہزار سے زائد ہے، جبکہ پاکستان کی پانچوں ہائی کورٹس میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 3 لاکھ 23 ہزار ہے۔ سول اور سیشن عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد اپریل میں 17 لاکھ 54 ہزار تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp