آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ڈالر کی قیمت میں کتنی کمی ممکن ہے؟

جمعرات 13 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی ایم ایف سے معاہدے اور دوست ممالک سے ملنے والی فنڈز کے مثبت اثرات آنے شروع ہو گئے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈریڈ انڈیکس میں اضافہ جبکہ ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز گرین زون سے ہوا، ہنڈریڈ انڈیکس میں 294 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، رواں سال میں پہلی بار پی ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 45800 کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔

ڈالر کی قدر میں کمی

دوسری جانب آج کاروبار کے آغاز میں ہی امریکی ڈالر کی قدر میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ہے، امریکی ڈالر ڈالر 3 روپے 48 پیسے سستا ہوگیا، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 274 روپے کا ہوگیا ، انٹربینک میں ڈالر گزشتہ روز 277 روپے 48 پیسے پر بند ہوا تھا۔

کیا مارکیٹ کا رجحان مستحکم رہے گا؟

اسٹاک مارکیٹ کے ماہر اور معاشی تجزیہ نگار شہریار بٹ نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کا انتظار مارکیٹ میں 9 ماہ سے کیا جارہا تھا اور یہ معاہدہ گزشتہ برس نومبر میں ہوجانا چاہیے تھا اور ایسا نہ ہونے کی وجہ سے کافی نقصان پہنچا ہے لیکن اب معاہدے کے بعد بے یقینی کی صورتحال ختم ہوگئی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘نہ صرف اسٹاک مارکیٹ میں بہتری دیکھنے میں آرہی ہے بلکہ بین الاقوامی اداروں نے بھی پاکستان کی ریٹنگز کو بہتر دکھانا شروع کردیا ہے اور جس تیزی کے ساتھ پاکستان کی ریٹنگز گر رہی تھیں اسی تیزی سے اب بہتر بھی ہورہی ہے جو خوش آئند ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری اور دوست ممالک کی جانب سے یقین دہانیوں کے بعد اب معیشت مستحکم ہوگی لیکن یہ پاکستان کے پاس آخری موقع ہے کیونکہ پاکستان صرف 2 آئی ایم ایفپروگرام ہی مکمل کرچکا ہے، اس بار اگر معاشی اصلاحات نہ کیے گئے تو ہھر پاکستان کے پاس ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے کوئی راستہ نہیں ہوگا‘۔

ڈالر کے ریٹ میں کتنی کمی آئے گی؟

پاکستان فارکس ایکسچینج کے چیئرمین ملک بوستان نے دعوی کیا ہے کہ ’اس وقت مارکیٹ میں جو ڈالر کا ریٹ چل رہا ہے وہ مصنوعی ہے، روہے کے مقابلے میں ڈالر کی اصل قیمت 240 روپے ہے اور پاکستان میں جلد اس کی قیمت 250 روپے تک گر جائے گی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’غیر یقینی صورتحال کے سبب سرمایہ کاروں نے کرنسی ایکسچینج کرکے ڈالر خرید لیے تھے یا پھر سرمایہ پاکستان سے لے گئے جس کی وجہ سے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگیا‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ڈالر گرنے کے دن اب شروع ہوچکے ہیں اور جلد مارکیٹ ریٹ میں ڈالر دستیاب ہوگا‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp