اسکوٹرپر دنیا گھومنے والےاطالوی سیاح الاریو لاوارّا کا تعلق یورپی ریاست اٹلی سے ہے۔ 6 برس پہلے یورپ سے اپنی سیاحت کا آغاز کرنے کے بعد وہ اب تک افریقہ، وسط ایشیائی ممالک ، مختلف عرب ریاستوں سمیت 97 ممالک کی سیر کر چکے ہیں۔
زندگی میں واحد بار پاکستانی جیل(لاک اپ) میں جانا ہوا
اطالوی سیاح کے مطابق وہ اپنے موجودہ دورے سے قبل نومبر میں بھی پاکستان آچکے ہیں۔ لیکن اس وقت یہاں کے شمالی علاقوں میں شدید ٹھنڈ تھی سو انہوں نے گرمیوں میں دوبارہ آنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق نومبر میں جب وہ چلاس پہنچے تو ایک رات انہیں قیام کے لیے کوئی جگہ نہیں مل رہی تھی۔ انہوں نے پولیس والوں سے مدد مانگی جس پر انہون نے جیل(لاک اپ) کا کمرہ آفر کیا۔ پولیس والوں کے مطابق ان کے پاس جیل(لاک اپ) کے علاوہ کوئی اور کمرہ موجود نہیں تھا اس لیے انہوں نے شدید سردی میں جیل میں ہی قیام کا فیصلہ کیا۔
جب سفر میں پہلی بار سامان چوری ہوا
الاریو لاوارّاکے مطابق ان کے 6 سالہ سفر کے دوران صرف ایک بار ایسا ہوا جب ان کا سامان چوری ہوا لیکن اس میں بھی دلچسپ پہلو یہ تھا کہ سامان چرانے والا کوئی انسان نہیں بلکہ بندر تھے۔ جنہوں نے ان کے کھانے کا بیگ چُرا لیا تھا۔ اطالوی سیاح کے مطابق دیس دیس سفر کے دوران انہیں سبھی لوگوں نے خوش آمدید کہا۔
سبھی پاکستانی چائے، پانی کی دعوت ضرور دیتے ہیں
اطالوی سیاح کہتے ہیں کہ پاکستان کی انفرادیت یہ ہے کہ یہاں کے لوگ حد درجہ مہمان نواز ہیں۔ آپ سفر میں ہوں گے تو کوئی آپ سے چائے کا پوچھے گا اور کوئی کھانے کی دعوت دے گا۔ رات گزارنے کی بھی انہیں کبھی فکر نہیں کرنی پڑی یہی وجہ ہے کہ پاکستان انہیں اپنے دیس سے بھی زیادہ پسند ہے۔
ویسپا سست رفتار ہے مگر اس کا بھی فائدہ ہے
اپنے سفر کے لیے ویسپا اسکوٹر کے انتخاب سے متعلق وہ کہتے ہیں ایسا انہوں نے اس لیے کیا کیونکہ اس کے اسپیئر پارٹس ہر جگہ آسانی سے مل جاتے ہیں ۔ وہ اسے اپنی بزنس کار کہتے ہیں کیونکہ لوگ اسے دیکھ کر ان کی جانب متوجہ ہو جاتے ہیں۔ اس کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ یہ جدید موٹر بائیکس کی نسبت کچھ سست ہے مگر سست رفتار سفر کے سبب وہ راستے میں آنے والے نظاروں پر غور کر سکتے ہیں۔