وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم پنجاب سے شروع کرنے کا اعلان

جمعہ 14 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

واقی وزیر داخلہ رانا ثناء نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن آج سے انتخابی مہم شروع کرے گی، آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ 297 صوبائی اور قومی اسمبلی کے 146 حلقوں  پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، امید ہے اس بار ن لیگ کے خلاف سازش نہیں ہو گی۔

لاہور میں مسلم لیگ ن کے پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن سابق دور حکومت میں میاں نواز شریف کی قیادت میں بجلی کے بحران سے نکالا اور دہشتگردی کا خاتمہ کیا، یہ پانچ سال میں کرنے کا وعدہ تھا جو چار سال میں مکمل کیا گیا۔

’جب بھی پاکستان بحران کا شکار ہوا، مسلم لیگ ن نے اس کو بحران سے نکالا لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ اس کے بعد مسلم لیگ ن کے خلاف سازش ہوئی اور سازش کے تحت میاں نواز شریف کو نکالا گیا، اس سازش کی سزا ملک اور ملک کے کروڑوں عوام کو ملی۔‘

انہوں نے کہا کہ 1999ء سے قبل کسی کو لوڈ شیڈنگ کا معلوم نہیں تھا، کسی نے خود کش حملے کا نام نہیں سنا تھا، اس کے بعد کس طرح لوگوں کو خون میں نہلایا گیا، دہشتگردی کے سینکڑوں واقعات ہوئے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 2018ء میں ایک ایسے فرد کو جو کہ فتنہ ہے، اس فتنے نے ملک کی سیاست میں نفرت کا زہر بھرا، اس نے اس ملک کے نوجوان کو گمراہ کیا، اس شخص نے ملک کے دفاع کے اوپر حملہ آور ہو کے ایسے بحران سے دوچار کرنے کی کوشش کی جس بحران کے بعد ہمیں شاید اپنا وجود قائم رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ملک دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ جیسے بحران پر قابو پا چکا تو شرح نمو 6.2 سے آگے بڑھنے لگی، ملک ترقی کی طرف آگے بڑھ رہا تھا کہ 1999ء کی طرح دوبارہ سازش کی گئی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کو نشانہ بنایا گیا، بالآخر اس سازش کا نشانہ یہ ملک بنا، ترقی کا عمل رکا رہا۔

’چار سال تک انتقامی مقدمے بنائے گئے، بے گناہ لوگوں کو جیلوں میں ڈالا گیا اور انتقام کی ایسی ایسی گھٹیا کوششیں سامنے آئیں کہ بیرون ملک جا کر بھی یہ کہتے رہے کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ نواز شریف کے سیل میں کوئی اے سی لگ گیا یا پنکھا چلا رہا ہے، میں جا کر وہ اترواؤں گا۔‘

وزیر داخلہ کے مطابق اس انتقام کے عمل نے پاکستان کی ترقی کے عمل کو بری طرح مجروع کیا اور پاکستان کو ایسے حالات سے دوچار کیا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا، دوبارہ مسلم لیگ ن نے میاں شہباز شریف کی قیادت میں ایک اتحادی حکومت کو لیڈ کیا اور ملک کو اس بحران سے نکالنے کی کوشش کی اور اب ہم یہ بات پورے وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ ملک اب ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے۔

رانا ثناء نے اس عزم اعادہ کیا کہ آئندہ الیکشن میں کامیابی کے بعد اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، غریب آدمی کی زندگی آسان کریں گے، مہنگائی محدود کریں گے، عام آدمی کی آمدن میں اضافہ کریں گے تاکہ وہ اپنے بچوں کا پیٹ پال سکے اور اپنے بچوں کو تعلیم دے سکے، نوجوانوں کو بہتر مستقبل دیں گے، اس ملک میں روداری، عزت و احترام کو فرغ دیں گے، انتقام اور گالی گلوچ کی سیاست کا خاتمہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ آج سے سیاسی سرگرمیاں شروع کر دے گی اور آئندہ انتخابات میں پنجاب کے  ہر حلقے سے اپنا امیدوار نامزد کرے گی ، بھرپور انداز میں الیکشن میں حصہ لیں گے

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب میں بھرپور انداز سے انتخابی عمل کو آگے لے کر بڑھے، اس لیے ن لیگ ملک کے تمام 297 صوبائی اور تمام 146 قومی اسمبلی کے حلقوں سے اپنے امیدوار نامزد کرے گی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث گروہ کے خلاف کارروائی انتقامی کارروائی نہیں، شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونا چاہئے اور قاسم کے ابو نے کچھ کیا ہے تو قاسم جانے اس کے ابو جانیں۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp