وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 1530 ایکڑ رقبہ پر محیط دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ ایک اور منصوبہ کامیابی سےعوام کے لیے پیش کررہےہیں جو مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی کا باعث ہوگا۔
کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ دھابیجی میں صنعتوں کے قیام سے معاشی انقلاب رونما ہوگا۔ کراچی کی بندرگاہ سے قربت کے باعث دھابیجی کی جغرافیائی اہمیت ہے جس صحیح استعمال کرتے ہوئے معاشی انقلاب ٹھٹہ اور کراچی سے شروع کرکے پاکستان میں پھیلایا جائے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کا منصوبہ کامیابی سے عوام کے سامنے پیش کررہے ہیں، تبدیلی کے نام پر ہم نے تباہی بھی دیکھی ہے اور پیپلزپارٹی کی خدمت بھی دیکھی ہے، صدر ذرداری نے جب سی پیک کی بنیاد رکھی تو اس وقت بھی ہم تنقید کے نشانے پر تھے۔
’ان کے اسی وژن کی وجہ سے پاکستان کو معاشی استحکام ملا، ہمیں اس وقت بھی تنقید کا سامنا تھا کہ صدر زرداری کیوں چین کے دورے کررہے ہیں، انہی دوروں کی وجہ سے سی پیک کا منصوبہ بنا اور پاکستان اس میں شامل ہوا۔‘
بلول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت پیپلز پارٹی کی کردار کشی کی مہم چلائی گئی۔ جھوٹ سچ کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ پیپلز پارٹی عملی طور پر کام کرتی ہے باقی سب باتیں کرتے ہیں۔ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سے 1 لاکھ 50 ہزار روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، جہاں ترجیحاً سب سے پہلے مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔
سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تھرکول سے بجلی فراہمی کا منصوبہ سی پیک میں سندھ کا حصہ تھا۔ پیپلز پارٹی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت صحت سمیت مختلف شعبوں میں صوبے میں عوام کی خدمت کی ہے۔
’انٹیلی جنس یونٹ نے ایشیا بھر میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کو ریٹ کیا ہے، جس میں سندھ کا چھٹا نمبر ہے۔۔۔ جس طرح کورونااور سیلاب میں کام کیا تو عوام مان رہے ہیں کہ پی پی کی کردار کشی ہوتی رہی ہے۔‘