فواد اسد اللہ خان کو ڈی جی آئی بی تعینات کر دیا گیا،نوٹیفکیشن جاری

ہفتہ 15 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے انٹیلی جنس بیورو کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فواد اسد اللہ خان کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دیدی۔ فواد اسد اللّٰہ خان کو مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع دی گئی ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے توسیع اور تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ مدت ملازمت میں توسیع کے بعد فواد اسد اللّٰہ خان کو ڈی جی آئی بی کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چند دن قبل وزیراعظم کو انٹیلی جنس بیورو کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ فواد اسداللہ خان نے پیش کی تھی۔ وزیراعظم نے انٹیلی جنس بیورو کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، ملکی اور غیرملکی عناصر سے خطرات کے مقابلے میں آئی بی کا کردار قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ قومی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ میں انٹیلی جنس بیورو نے اہم کردار ادا کیا ہے، وزیراعظم بننے کے بعد آئی بی کو قومی مفادات کے حوالے سے اضافی ٹاسک سونپے جو اس نے کامیابی سے حاصل کیے، ملک کے اندر مجرمانہ سرگرمیوں کے تدارک، انسداد دہشتگردی میں آئی بی نے فعال کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے فواد اسداللہ خان کی پیشہ وارانہ قابلیت اور ادارے کو بہتر بنانے کی کاوشوں کی سراہتے ہوئے کہا تھا ادارے کی غیرمعمولی کامیابیاں قابل فخر ہیں۔ وزیراعظم نے آئی بی کے افسران اور عملے کو شاباش دی اور ادارے کے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا تھا۔ فواد اسد اللہ خان نے وزیر اعظم کے اعتماد اور ان کی بھرپور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp