ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹرجہانگیر جدون نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بیرسٹرجہانگیر جدون نے استعفیٰ صدر مملکت محمد عارف علوی کو بھیج دیا ہے۔
بیرسٹرجہانگیر جدون کے مستعفی ہونے کی وجوہات سامنے تو نہیں آ سکیں تاہم انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس عہدے سے ذاتی وجوہات کی بنا مستعفی ہو رہے ہیں اور مزید کام جاری نہیں رکھ سکتے اس لیے استعفیٰ صدر مملکت محمد عارف علوی کو بھیج دیا ہے۔
وی نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان پر استعفیٰ کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں تھا۔ انہیں لگا کہ وہ شاید آئندہ آنے والے حالات میں حکومت کی توقعات پر پورا نہ اتر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ میرٹ کے حساب سے مقدمات کو دیکھتے ہیں اور کسی کی خواہشات پر نہیں چل سکتے۔ تاہم انہوں نے خود پر کسی بھی قسم کے دباؤ کی تردید کی اور کہا کہ موجودہ حالات میں شاید کوئی اور شخص اس عہدے کے لیے زیادہ موزوں اور زیادہ بہتر ہو۔