نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار

ہفتہ 15 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی گرڈ کو 969 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے والا پن بجلی کا منصوبہ نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ رواں ماہ (جولائی) کے آخر تک بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، منصوبے کی ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کا کام تقریباً مکمل ہوگیا ہے۔

چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے ہفتہ کو نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا تا کہ ٹیل ریس ٹنل کو مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے بحالی کے کاموں اور منصوبے سے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے سے متعلق تیاریوں کی سطح کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔

دورے کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر، پراجیکٹ ڈائریکٹر،کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔

پراجیکٹ کی بحالی کی ٹیم نے چیئرمین کو بریفنگ دی کہ ٹیل ریس ٹنل کے منہدم ہونے والے علاقے میں کنکریٹ کی لائننگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 3.5 کلومیٹر لمبی سرنگ میں باقی متاثرہ حصوں کو بھی مضبوط بنایا گیا ہے۔

ٹیل ریس ٹنل کی صفائی اور فنشنگ کا کام اگلے ہفتے شروع کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد پریشرائزیشن یعنی ٹیل ریس ٹنل میں پانی جمع کرنا شروع کر دیا جائے گا جس سے پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہو جائے گا۔

چیئرمین نے پراجیکٹ ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) اور ٹیل ریس ٹنل پر پریشرائزیشن اور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کو موثر طریقے سے دوبارہ شروع کرنے کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی طرف سے دی گئی گائیڈ لائنز پر عمل کیا جائے ۔

واضح رہے کہ نیلم جہلم ایک رن آف دی ریور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ہے، جس نے اپریل 2018 میں بجلی کی پیداوار شروع کی تھی۔

گزشتہ برس اس کی ٹیل ریس ٹنل کے ایک حصے کے گرنے کی وجہ سے بجلی کی پیداوار معطل ہونے سے پہلے یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو 18 ارب یونٹ سے زائد بجلی فراہم کر چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp