وزیراعظم شہباز شریف سے آصف زرداری کی اہم ملاقات، تفصیلی مشاورت

ہفتہ 15 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے سابق صدر مملکت و شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف زرداری نے ملاقات کی ہے۔

سابق صدر مملکت نے لاہور میں شہباز شریف کی رہائشگاہ پر جا کر ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف زرداری نے شہباز شریف سے آئندہ نگران سیٹ اپ کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف زرداری نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ابھی کچھ روز لاہور میں ہی قیام کریں گے۔

یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آصف زرداری سے تحریک انصاف چھوڑنے والے رہنما بھی ملاقات کر کے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کر سکتے ہیں۔

آصف زرداری اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی  سامنے آ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات میں عام انتخابات، نگران سیٹ اپ سمیت آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔

ملاقات میں نگران سیٹ اپ کے لیے ممکنہ وزرا کے ناموں پر بھی مشاورت کی گئی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے انتخابات بروقت کرانے پر اتفاق کر لیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آصف زرداری نے دوٹوک موقف اختیار کیا ہے کہ انتخابات میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ آصف علی زرداری اور شہبازشریف نے موجودہ اسمبلی کی مدت کے خاتمے کی حتمی تاریخ  پر بھی تفصیلی مشاورت کی ہے۔

آصف علی زرداری نے موجودہ اسمبلیوں کی مدت اگست کے دوسرے ہفتے میں ختم کرنے کی تجویز دے دی۔

پیپلزپارٹی کی تجویز پر شہبازشریف نے دیگر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرائی۔

اس کے علاوہ آئندہ نگران وزیر اعظم بیوروکریٹ کے بجائے سیاست دان کو لانے پر غور کیا گیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم کے آئی ایم ایف سے امدادی پیکیج کے لیے کلیدی کردار کو سراہا۔ سابق صدر نے وزیراعظم کو آئی ایم ایف ڈیل پر مبارکباد دی۔ جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جو معیشت کے لیے بارودی سرنگیں بچھا کر گئی اسے مل کرصاف کررہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری ساری توجہ معیشت کی مضبوطی پر ہے اور اللہ کی مہربانی سے کامیابیاں مل رہی ہیں۔ ملک سے انتشار اورفتنے کی سیاست کا جڑ سے خاتمہ کرکے سیاسی استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ملک کو ڈیفالٹ کرنے والوں کاخواب خواب ہی رہ گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp