گلگت بلتستان کے علاقے دیامر میں سیاحوں کی بس کھائی میں گرنے سے کم از کم 6 مسافر جاں بحق جب کہ متعدد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں اور پولیس نے امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔
کمشنر گلگت ڈویژن نجیب عالم کے مطابق حادثہ ضلع دیا مر کے علاقے کتھلیچی کے مقام پر پیش آیا جہاں سیاحوں کی کوسٹر گاڑی گہری کھائی میں جا گری۔ جائے حادثہ پر فوری امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔
حادثے کے مقام سے میتوں کو گلگت روانہ کر دیا گیا ہے۔ دیامر اور گلگت کے ہسپتالوں میں فوری ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر جگلوٹ اور ایس ڈی پی او جگلوٹ موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
کمشنر گلگت ڈویژن نے مزید بتایا کہ حادثے کی بابت جلد لواحقین سے رابطہ کرکے میتوں کی منتقلی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ زخمیوں کو فوری طور دیامر کے قریبی اسپتال جب کہ لاشوں کو گلگت منتقل کیا جائے گا۔
ریسکیو ون ون ٹو ٹو دیا مر کے انچارچ شوکت ریاض کے مطابق حادثہ ساڑھے 12 بجے کے لگ بھگ پیش آیا، جس کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئیں۔ ’کوسٹر بس میں 15 سیاح سوار سے تھے جو لاہور سے گلگت جا رہی تھی۔ 3 مسافر موقع پر جاں بحق جب کہ 2 اسپتال پہنچنے سے قبل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ اور ایک شخص کی اسپتال پہنچ کر دوران علاج موت واقع ہوئی ہے‘۔
شوکت ریاض نے مزید بتایا کہ جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر زخمیوں کو دیامر کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے 5 شدید زخمی مسافروں کو گلگت روانہ کیا گیا ہے۔
بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے حکام کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے۔
متعلقہ وفاقی محکموں کو امدادی کاموں میں معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کی بھی ہدایت کی ہے۔