گلوبل وارمنگ کے باعث امریکا، یورپ اور ایشیا ہیٹ ویو کی زد پر

اتوار 16 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے باعث درجہ حرارت میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے باعث امریکا اور یورپ سمیت ایشیا میں بھی بڑی تعداد میں لوگ ہیٹ ویو کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ بین الاقوامی موسمیاتی اداروں نے آنے والے دنوں میں ریکارڈ درجہ حرارت کی پیش گوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو سے بچاؤ کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

امریکا کی ڈیتھ ویلی میں درجہ حرارت 54 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا 

امریکی موسمیاتی ادارے (این ڈبلیو ایس) کے مطابق ان 2 دنوں کے دوران کیلیفورنیا سے ٹیکساس تک  11 کروڑ سے زائد افراد خطرناک ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔ گزشتہ روز بھی امریکی ریاست ایریزونا میں 118 فارن ہائٹ (48 ڈگری) درجہ حرارت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دوسری جانب کیلیفورنیا کی ڈیتھ ویلی جسے زمین کا گرم ترین مقام بھی کہا جاتا ہے میں آج اور کل پارہ ممکنہ طور پر 130 درجے فارن ہائٹ یا 54 درجے سیلسیئس تک جا سکتا ہے، جہاں حکام نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے گھروں سے نہ نکلنے اور پانی کی کمی کو پورا رکھنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے باعث اس بار کینیڈا کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، جس نے ابھی تک ایک کروڑ ہیکٹر رقبے کو جلا ڈالا ہے جو ابھی مزید پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔

امریکا کے بعد یورپ میں بھی بہت سے علاقوں میں بلند ترین درجہ حرارت کی پیش گوئی کی گئی ہے اور کئی علاقے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح اٹلی میں بھی تاریخی بلند درجہ حرارت کی پیش گوئی کی گئی ہے، اٹلی کی وزارت صحت نے روم، بولوگنا اور فلورنس سمیت 16 شہروں کے لیے ریڈ الرٹ بھی جاری کر رکھا ہے۔

یورپ میں بھی درجہ حرارت بلند ترین سطح پر آگیا

اٹلی کے شہر روم میں پیر تک درجہ حرارت 40 درجے سیلسیئس اور منگل کو 43 درجے سیلسیئس تک پہنچنے کا امکان ہے جس کے بعد 2007 کا 40.5 درجے سیلسیئس کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔

یورپی خلائی ایجنسی کے مطابق سسلی اور ساردینیا کے جزیرے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت سے متاثر ہو سکتے ہیں، جو ممکنہ طور پر یورپ میں اب تک ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

یونان نے بھی اپنے دارالحکومت ایتھنز میں واقع ملک کا سب سے بڑا سیاحتی مقام ایکروپولس کو پچھلے 3 دنوں سے شدید گرمی کے باعث بند رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

فرانس کی قومی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق جون فرانس میں دوسرا گرم ترین مہینہ تھا اور یہی وجہ ہے کہ ملک کے کئی علاقے منگل سے ہیٹ ویو الرٹ کی زد میں ہیں۔

اسپین میں بھی اگلے ہفتے سے درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے، پیر سے بدھ تک نئی ہیٹ ویو کے نتیجے میں جزائر کیناری اور جنوبی اندلوسیا کے علاقے میں درجہ حرارت 40 درجے سیلسیئس تک بڑھ سکتا ہے۔

ایشیا کے کئی علاقے ہیٹ ویو اور مون سون کی زد میں ہیں

امریکا اور یورپ کے بعد ایشیا کے بھی کئی علاقے بلند درجہ حرارت کی لپیٹ میں ہیں جہاں کروڑوں کی تعداد میں لوگوں کا ہیٹ ویو سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ان ممالک  میں جاپان، چین، انڈیا، مراکش اور پاکستان شامل ہے۔

جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ مشرقی جاپان کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت ریکارڈ اضافے کے ساتھ آج اور کل 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کرسکتا ہے جو گزشتہ ہفتے 38-39 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔

موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار انڈیا بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں اب تک مختلف واقعات میں 90 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، زیادہ ہلاکتیں مون سون کی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے اور پہاڑی تودے گرنے کے سبب ہوئی ہیں۔

چین میں بھی رواں ہفتے محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت میں اضافے کی خبریں سناتے ہوئے عوام کو خبردار کیا ہے، سنکیانگ کے جزوی صحرائی علاقے میں درجہ حرارت 40-45 ڈگری سینٹی گریڈ اور جنوبی گوانگشی کے علاقے میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

پاکستان میں بھی اس بار گزشتہ سال کی نسبت درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، کئی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سیلسئس تک بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مراکش کے کئی حصوں میں اس ہفتے کے آخر میں درجہ حرارت اوسط سے زیادہ یعنی 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جس کے باعث پانی کی قلت کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایران کے خلاف جنگ اختتامی مرحلے کے قریب پہنچ چکی، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

معروف آسٹریلوی آل راؤنڈر ایشٹن ٹرنر ملتان سلطانز کے کپتان مقرر

آذربائیجان کے صدر کا مجتبیٰ خامنہ ای کو خط، ایران کا سپریم لیڈر بننے پر مبارکباد

ترکیہ کے لیے خطرہ بننے والے اشتعال انگیز اقدامات نہ کیے جائیں، ترک صدر نے ایران کو خبردار کردیا

ایران کے تیل پر قبضہ کرنے کی بات ابھی جلد بازی ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

ویڈیو

اسلام میں ذہنی سکون حاصل کرنے کے طریقے

تیل کی قیمتوں میں اضافہ، حالات کنٹرول سے باہر ہونے کا خدشہ، امریکا و اسرائیل کو بھاری نقصان، ٹرمپ کی چیخیں

نقاب میں شناخت، چارسدہ کی نوجوان کنٹینٹ کریئیٹر کی کہانی

کالم / تجزیہ

انڈین کرکٹ ٹیم مسلسل ناقابل شکست کیسے بنی؟

کیا یہ امریکا کی آخری جنگ ہے؟

موکھی متارا: کراچی کی ایک تاریخی داستان