سعودی عرب میں خانہ کعبہ کے غلاف کو تبدیل کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، خانہ کعبہ کے غلاف کو یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جائے گا، اس کی تیاری کے 10 مراحل ہیں اور اس کے ہر میٹر پر 9,900 ریشمی دھاگہ استعمال ہو گا۔
کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کعبہ کسوا، جنرل پریذیڈنسی برائے امور مسجد نبوی نے غلاف کعبہ کو تیار کرنے اور بُننے کے کام کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ ہر سال یکم محرم الحرام کو غلاف کعبہ جسے ’کسوا‘ بھی کہتے ہیں تبدیل کیا جاتا ہے۔
کنگ عبدالعزیز کمپلیکس کا کہنا ہے کہ غلافِ کعبہ کی تیاری 10 مراحل میں کی جاتی ہے اور اس کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کنگ عبدالعزیز کمپلیکس کے مطابق سب سے پہلے کسوا یعنی غلاف کعبہ کے ریشم کو دھونے اور رنگنے کے لیے استعمال ہونے والے پانی کے درجہ حرارت کو ترتیب دے کر اس کی صفائی شروع کی جاتی ہے۔
دوسرے مرحلے میں موم کی حفاظتی تہوں کو ہٹانے کے لیے کپڑے کو زیادہ درجہ حرارت پر دھویا جاتا ہے اور اس کے بعد کسوا یعنی غلاف کعبہ کے بیرونی حصے کو سیاہ اور اندرونی حصے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حجرے کو سبز رنگ میں رنگنا ہوتا ہے۔
تیسرے مرحلے میں غلاف کعبہ کے کپڑے کو رنگنے اور نمونے لینے سے پہلے اس کے معیار کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
چوتھے مرحلے میں اس کی ہاتھوں سے بُنائی کی جاتی ہے جس میں فی میٹر پر ریشم کے 9900 سے زیادہ دھاگوں کو استعمال کیا جاتا ہے، پانچویں مرحلے میں کعبہ کی پٹی اور اس کپڑے پر قرآنی آیات چھاپی جاتی ہیں اور چھٹے مرحلے میں ہاتھ سے اس چھاپی ہوئی لکھائی پر ہاتھوں سے کڑھائی کی جاتی ہے۔
ساتویں مرحلے کے دوران قرآنی آیات اور اسلامی تحریروں پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے کڑھائی کی جاتی ہے۔
آٹھویں مرحلے کے دوران معیار کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے، جس کا مقصد اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنانا ہے۔ نویں مرحلے میں کسوا یعنی غلاف کعبہ کے حصّوں کو جمع کیا جاتا ہے، جب کہ آخری مرحلے میں پرانے غلاف کعبہ کی جگہ نئے غلاف کو کعبہ کی عمارت پر چڑھایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ یکم محرم الحرام 19 جولائی کو ہونے کا امکان ہے، جب کہ غلاف کعبہ کی تبدیلی کا کام بھی یکم محرم الحرام کو ہی مکمل کیا جانا ہے۔