“تو شاہین ہے، پرواز ہے کام تیرا” : شاہین آفریدی کی 100 وکٹوں پر کرکٹ ستاروں میں پذیرائی

پیر 17 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100ویں وکٹ حاصل کر لی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے جانے والے پہلے میچ کے دوران شاہین آفریدی نے سری لنکن اوپنر نیشان مدھشکا کوآؤٹ کرکے  ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100وکٹیں مکمل کیں۔

شاہین آفریدی اپنے کیریئر میں اب تک 25 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں۔ گال میں جاری یہ ٹیسٹ ان کا 26واں ٹیسٹ ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں شاہین آفریدی کی بہترین پرفارمنس 51 رنز کے عوض 6وکٹیں ہیں جو انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حاصل کی تھیں۔

100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے پر کرکٹ کے ماہرین و شائقین سمیت پی ایس ایل فرنچائز نے بھی شاہین آفریدی کو مبارکباد دی۔

وقار یونس ٹوئٹر پر شاہین کے لیے ٹویٹ کی اور ان کی پذیرائی کی، ساتھ ہی سابق کپتان نے شاہین کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

وسیم اکرم نے بھی شاہین آفریدی کے لیے ٹویٹ کی اور انہیں مبارک باد دی، اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

محمد رضوان نے بھی شاہین آفریدی کی 100وکٹیں لینے پر اپنے پشتو زبان میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ شاہین خان جانان پما گرانہ، ماشا اللّٰہ ماشااللّہ۔

فخر زمان بھی خوشی سے نہال دکھائی دیے اور اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ 100 وکٹیں مکمل کرنے پر مبارک ہو شاہین، کھیل کے لیے  آپ کی محنت اور جذبہ متاثر کن ہے۔ وکٹیں اڑاتے رہو۔

شاہین شاہ آفریدی کے سسر اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے انہیں مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ سو وکٹیں لینے پر مبارک ہو، محنت جاری رکھو، میں تمہاری مزیف ریکارڈ ۔
توڑ کامیابیوں کے لیے دعا گو ہوں

https://twitter.com/SAfridiOfficial/status/1680560069551824897?t=pTxGlKlpEecBcU5eNgoAJg&s=08

پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز نے اپنے ٹویٹ میں شاہین آفریدی کی وکٹیں اڑانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ تو شاہین ہے، پرواز ہے کام تیرا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ شاہین آفریدی نے 100  وکٹوں کا سنگ میل عبور کر لیا، آپ کے لیے شاہین آفریدی کا ٹیسٹ کرکٹ کا کون سا لمحہ یاد گار ہے؟

شاہین آفریدی کے فین بھی خوشی سے نہال ہیں اور فاسٹ بولر کے لیے مختلف پیغامات دے رہے ہیں۔

فرید خان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ شاہین آفریدی انشاء اللہ 200 وکٹیں بھی لیں گے۔ وقار یونس نے 1995 میں یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا اب شاہین شاہ آفریدی کی باری ہے۔

مسعود شیخ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ شہنشاہ شاہین ہیں۔

ارباز نامی ٹوئٹر صارف نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ اگر شاہین آفریدی فٹ رہے تو وہ سارے پاکستانی بولرز کے ریکارڈ توڑ دیں گے۔

https://twitter.com/ARBAZJuttt/status/1680439830675849219

ٹیسٹ کرکٹ میں سو وکٹوں کا کارنامہ انجام دینے والےشاہین آفریدی 19 ویں پاکستانی بولر ہیں۔ کم میچز میں 100ٹیسٹ  وکٹوں کا اعزاز  انگلینڈ کے لوہمین نے 16 ویں میچ میں حاصل کیا تھا۔

لیگ سپنر یاسر شاہ صرف 17 ٹیسٹ میں 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے تیز ترین پاکستانی باولر ہیں۔

وقار یونس اور سعید اجمل 19،19 میچز میں یہ اعزاز حاصل کرکے مشترکہ طور پر دوسرے، محمد آصف 20 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرکے تیسرے، فضل محمود 22 میچز میں یہ اعزاز حاصل کرکے چوتھے جب کہ ثقلین مشتاق اور دنیش کنیریا 23،23 میچز میں 100 ٹیسٹ شکار کرکے مشترکہ طور پر 5ویں نمبر پر موجود ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp