ایم این ایز کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے 20 ارب روپے سے زائد کی رقم جاری

پیر 17 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ کو اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے اقساط میں پیسے ریلیز کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور ایم این ایز کو 20 ارب روپے سے زائد کی رقم جاری کر دی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ کے لیے ترقیاتی بجٹ کی مد میں 61 ارب روپے کی فراہمی کے سلسلے کا آغاز کردیا گیا۔

ذرائع پلاننگ کمیشن نے بتایا کہ ایم این ایز کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے اقساط میں فنڈز ریلیز کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے، اب تک ایم این ایز کو 20 ارب روپے سے زائد رقم جاری کر دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اگست تک 61 ارب روپے سے زائد کی رقم جاری کر دی جائے گی، اگست تک 20 ارب روپے گزشتہ سال کےاور 41 ارب رواں مالی سال کے جاری ہوں گے اور پورے سال کے لیے مختص 90 ارب میں سے 41 ارب روپے موجودہ حکومت خرچ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے اسکیموں کے لیے فنڈز جاری کرنے کی گزشتہ ہفتہ اجازت دی تھی، فنڈز کا اجرا وزارت خزانہ کے گزشتہ ہفتے فائنل کیے گئے میمورینڈم کی بنیاد پر کیا گیا اور پی ایس ڈی پی کی مد میں 142 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کر دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp