ترک صدرطیب اردوان اہم دورہ پر سعودی عرب پہنچ گئے، مختلف تجارتی معاہدوں کا امکان

منگل 18 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان انتخابات کے بعد پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں وہ سعودی تاجروں کو اپنے ہاں مزید سرمایہ کاری کے لیے راغب کریں گے۔

سعودی عرب پہنچنے پر ترک صدر کا استقبال سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان ال سعود  سمیت دیگر حکام نے کیا، صدر طیب اردوان خلیجی ممالک کے دورے پر سب سے پہلے سعودی عرب پہنچے جس کے بعد وہ متحدہ عرب امارت اور قطر کا دورہ بھی کریں گے۔

دورہ سعودی عرب کے دوران رجب طیب اردوان نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، صدر رجب طیب اردوان نے ترکیہ کی پہلی الیکٹرک کار سعودی ولی عہد کو تحفے میں دی، جسے محمد بن سلمان نے خود ڈرائیو کیا اور صدر رجب طیب اردوان کو لے کر ان کے ہوٹل روانہ ہو گئے۔

صدر رجب طیب اردوان کا دورہ سعودی عرب کے دوران مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے، یہ معاہدے دونوں سربراہان رجب طیب اردوان اور محمد بن سلمان کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات کے دوران کیے گئے۔

سعودی نشریاتی ادارہ عرب نیوز کے مطابق رجب طیب اردوان اور محمد بن سلمان نے السلام رائل پیلس میں آف کیمرہ ملاقات بھی کی، جہاں شام کی صورت حال سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

جاری کردہ دورے کی تفصیلات کے مطابق ترک صدر، سعودی ترک بزنس فورم میں شریک ہوں گے، ترک صدر سرمایہ کاری کے لیے بڑی امیدوں کے ساتھ خلیج کا دورہ کر رہے ہیں کیونکہ ترکیہ کی کمزور ہوتی معیشت اورگرتی ہوئی کرنسی کو سنبھالنے کے لیے ترک صدر کوشاں ہیں۔

سعودی گزٹ: مکہ کے ڈپٹی گورنر کی ترک صدر سے ملاقات کی تصویر

رجب طیب اردوان کا سعودی عرب کا دورہ 17 سے 19 جولائی کے درمیان خلیجی ممالک کے دورے کا پہلا پڑاؤ ہے جس میں قطر، متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

روانگی سے قبل استنبول میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ دورے کا مقصد دو طرفہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ہے، ہمارے پاس دفاعی صنعت، انفراسٹرکچر اور سپر اسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے سنجیدہ مواقع موجود ہیں۔

ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر انویسٹمنٹ فورم میں شریک سعودی منسٹر آف انوسیٹمنٹ خالد الفلیح نے کہاکہ سعودی عرب کے پاس بہترین موقع ہے کہ ترکیہ میں موجود انویسٹمنٹ کے مواقعوں سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ 1140 کمپنیاں پہلے سے ہی ترکیہ میں کامیابی سے کام کر رہی ہیں، ہمیں مزید مواقع سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔

واضح رہے رجب طیب اردوان نے آخری بار اپریل 2022 میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp