گال ٹیسٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے سعود شکیل کون ہیں؟

منگل 18 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کے بیٹر سعود شکیل نے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کر دی۔

سعود شکیل نے ایسے موقع پر ٹیم کو سنبھالا دیا جب 54 رنز پر پاکستان کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے اور ٹیم شدید مشکلات کا شکار تھی۔

یہ بھی پڑھیں گال ٹیسٹ: سعود شکیل کی ڈبل سینچری، قومی ٹیم کی سری لنکا پر 149 رنز کی برتری

سعود شکیل اور آغا سلمان نے 177 رنز کی شراکت داری کی، آغا سلمان کی وکٹ گرنے کے بعد انہوں نے باؤلرز کے ساتھ شاندار شراکت داری کر کے پاکستان کو گال ٹیسٹ میں برتری دلوادی۔

بائیں ہاتھ کے بیٹر سعود شکیل کا تعلق کراچی سے ہے۔ وہ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کو اپنا آئیڈیل سمجھتے ہیں اور ان ہی کی طرز کی کرکٹ کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔

سعود شکیل پہلے پاکستانی کرکٹر ہیں جنہوں نے سری لنکا کی سرزمین پر ڈبل سنچری اسکور کی۔ انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سعود شکیل ابتدائی 6 اننگز میں مسلسل نصف سنچری اسکور کرنے والے پانچویں بیٹر بن چکے ہیں۔ ان سے پہلے یہ اعزاز سنیل گواسکر، بیسل بچر، سعید احمد اور برٹ سیٹ کلائیف کے پاس ہے۔

سعود شکیل کیریئر کی ابتدائی 11 ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔

انہوں نے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد اور عبد اللہ شفیق کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سعود شکیل نے 6 ٹیسٹ میچز میں 72 سے زائد کی اوسط سے رنز اسکور کیے ہیں جس میں ایک سنچری، ایک ڈبل سنچری اور 5 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

سعود شکیل نے انگلینڈ کے خلاف دسمبر 2022 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔

گراس روٹ لیول سے ابھر کر سامنے آنے والے سعود شکیل نے 2014 کے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت بھی کی ہے۔

سعود شکیل نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 15 سنچریاں اور 21 نصف سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں۔

فرسٹ کلاس ڈیبیو انہوں نے قائداعظم ٹرافی کے 2015 کے سیزن سے کیا، 2017 کے سیزن میں وہ پاکستان ٹیلی ویژن کی ٹیم کی جانب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے کھلاڑی تھے جبکہ 2018 کے سیزن میں وہ قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp