عارف علوی کا پاکستان اور اردن میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور

بدھ 19 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور اردن کے درمیان مشترکہ ثقافت اور تاریخ کی بنیاد پر بہترین برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اردن کے ساتھ تجارت، معیشت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

پاکستان میں اردن کے سبکدوش ہونے والے سفیر ابراہیم یالا المدنی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے دونوں برادر ممالک کے باہمی مفادات کے لیے اردن کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

عارف علوی نے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے کے لیے سیاسی، ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں پر بھی زور دیا۔ صدر نے اردن کی امن کوششوں اور سیاسی اور سفارتی ذرائع سے مسئلہ فلسطین کی حمایت کو سراہا۔

انہوں نے فلسطین کے عوام کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔

اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدر مملکت نے عالمی برادری کی جانب سے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

عارف علوی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور ایک دوسرے کے مذہب کے باہمی احترام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے اردن کے سبکدوش ہونے والے سفیر کی پاکستان میں قیام کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو بہتر بنانے کی کوششوں کو سراہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp