مصنوعی ذہانت کو بے لگام گھوڑا نہیں بننے دینا چاہیے، چین

بدھ 19 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کو بےلگام گھوڑانہیں بننا چاہیے جب کہ امریکا نے خبردار کیا ہے کہ یہ لوگوں پر پابندی لگانے یا انہیں دبانے کے لیے استعمال ہو سکتی ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے منعقدہ پہلےاجلاس میں اقوام متحدہ میں چینی سفیر ژانگ جون نے مصنوعی ذہانت کو دو دھاری تلوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین مصنوعی ذہانت کے لیے رہنما اصولوں کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی حمایت کرتا ہے۔

ژانگ جون نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا انحصار اس بات پر ہے کہ انسان اسے کس طرح استعمال کرتا ہے اور سائنسی ترقی کو سکیورٹی کے ساتھ کس طرح متوازن کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں اور مصنوعی ذہانت پر توجہ دینی ہو گی تاکہ اس ٹیکنالوجی کو بےلگام گھوڑا بننے سے روکا جا سکے۔

نائب امریکی سفیر جیفری ڈی لارینٹس کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ممالک کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے جس سے امن و سلامتی کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کونسل کو بتایا کہ کسی بھی رکن ممالک کو مصنوعی ذہانت کا استعمال لوگوں پر پابندی لگانے، مجبور کرنے، دبانے یا بے اختیار کرنے کے لیے نہیں کرنا چاہیے۔

برطانیہ کے وزیر خارجہ جیمز کلیوری نے کہا کہ مصنوعی ذہانت انسانی زندگی کے ہر بنیادی پہلو کو بدل دے گی۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور معیشتوں کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے تاہم یہ ٹیکنالوجی غلط معلومات کو ہوا دینے اور ریاستی و غیر ریاستی عناصر کی ہتھیاروں کی تلاش میں معاونت کر سکتی ہے۔

15 رکنی کونسل کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، ہائی پروفائل آرٹیفیشل انٹیلی جنس اسٹارٹ اپ ’اینتھروپک‘ کے شریک بانی جیل کلارک اور چائنا یو کے ریسرچ سینٹر فار اے آئی ایتھکس اینڈ گورننس کے شریک ڈائریکٹر پروفیسر زینگ یی نے بریفنگ دی۔

اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا فوجی اور غیرفوجی دونوں ہی شعبوں میں استعمال کے عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے اس غیرمعمولی ٹیکنالوجی کو کنٹرول کرنے کے کچھ ریاستوں کی طرف سے اقوام متحدہ کے ایک نئے ادارے کے قیام کے مطالبات کی حمایت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp