شمال افریقی ملک الجزائر میں ایک تاریخی شادی ہوئی ہے جس کی تفصیلات سامنے آنے پر لوگ حیرت میں مبتلا ہیں۔ ایک مفلس شخص جو بینائی سے بھی محروم تھا، اس کی شادی میں ہزاروں لوگوں نے نا صرف شرکت کی بلکہ بینڈ باجے والوں کو بھی ساتھ لے آئے، یہی نہیں دُلہے، دُلہن کے لیے ہنی مون کی ٹکٹیں بھی پیش کر دی گئیں۔
شمس الدین عرف موکا نامی شہری کا تعلق الجزائر کے صوبے حنشلہ سے ہے، جو پیدائشی نابینا ہیں، انہوں نے اپنے درزی سے غربت کا رونا روتے ہوئے کہا کہ بھلا مجھ غریب کی شادی میں کس نے شرکت کرنی ہے، مگر یہ بات کرتے وقت اس کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ اس کی شادی ایک یادگار موقع بننے والی ہے جس کے چرچے پوری دنیا میں ہوں گے۔
نابینا شخص اپنی والدہ کے ساتھ درزی کی دکان پر سوٹ سلوانے کے لیے گیا اور وہاں پر اپنی گفتگو میں کہا ’میں چاہتا ہوں کہ میری شادی سے میری ماں اور ہونے والی بیوی خوش ہوں‘۔
الجزائر کا نابینا شمس الدین عرف موکا شادی کا سوٹ بنوانے درزی کے پاس گیا اس نے مہمانوں کا پوچھا تو شمس نے غریبوں کی شادی کون شرکت کریگا درزی نے پیغام سوشل میڈیا پہ لگایا تو 2 ہزار کاریں 100 موٹر سائیکلوں پہ 10 ہزار لوگ پہنچ گئے شہر نے ملکر شادی ہنی مون کے اخراجات اٹھائے
محمد سلیم pic.twitter.com/c8eGkQU0hz— Faizullah Khan فیض (@FaizullahSwati) July 19, 2023
شمس الدین عرف موکا کے وہاں سے جانے کے بعد درزی نے سوشل میڈیا پر اسی پیغام کے ساتھ اس کی تصویر کو شیئر کر دیا جو وائرل ہو گیا اور اسی پیغام نے نابینا شخص کی شادی کو یادگار بنا دیا۔
یہاں یہ بات بہت اہم ہے کہ نابینا شخص کی شادی میں صرف الجزائر کے لوگوں نے ہی شرکت نہیں کی بلکہ پڑوسی ممالک تیونس اور لیبیا سے بھی لوگ ان کی خوشی میں شریک ہونے کے لیے پہنچے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔
شادی میں شرکت کرنے والے لوگ موکا کے لیے مختلف تحائف لے کر شادی کی تقریب میں شریک ہوئے اور اس کے گھر کو گھریلو سامان اور تحائف سے بھر دیا گیا۔
شادی میں شرکت کے لیے تقریباً 2 ہزار سے زیادہ لوگ کاروں، 100 سے زیادہ موٹرسائیکلوں پر پہنچے جبکہ 100 گھڑ سواروں نے بھی شرکت کی، اس اہم تقریب میں تقریباً 10 ہزار کے قریب لوگ شریک ہوئے۔
موکا کی شادی کو یادگار بنانے کے لیے کئی میوزک بینڈز بھی پہنچ گئے، لوگوں نے رقص کرنے کے ساتھ ساتھ دُلہے کو کندھوں پر اٹھا لیا اور دُلہن کے گھر لے کر پہنچے، شادی کی تقریب میں شریک ہونے والوں نے دُلہے اور دُلہن کو ترکیہ اور تیونس کے ہنی مون ٹکٹس بھی فراہم کر دیے۔
نابینا شخص کی خوشیوں میں شریک ہونے والوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ کسی کے لیے خوشی کی وجہ بننا ہی اصل زندگی ہے۔