سائفر تحقیقات: ایف آئی اے نے عمران خان، شاہ محمود اور اسد عمر کو طلب کر لیا

بدھ 19 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سائفر کی تحقیقات کے معاملے پر 25 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سابق سیکریٹری جنرل اسد عمر کو بھی 24 جنوری کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جو ان کی رہائشگاہ زمان پارک اور اسلام آباد میں بنی گالہ کے پتے پر جاری کیا گیا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف سائفر کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے اسمتعمال کرنے پر تحقیقات جاری ہیں اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) کی جوائنٹ انکوائری ٹیم اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

نوٹس کے مطابق جے آئی ٹی عمران خان کی جانب سے سائفر لہرا کر قومی سلامتی اور ریاستی مفادات کو خطرات میں ڈالنے کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

عمران خان کو کہا گیا ہے کہ 25 جولائی کو دن 12 بجے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں پیش ہوں، اور اپنے ساتھ متعلقہ دستاویزات اور شواہد بھی لے کر آئیں۔

شاہ محمود اور اسد عمر کو تمام دستاویزات اور شواہد ساتھ لانے کی ہدایت

دوسری جانب ایف آئی اے کی جوائنٹ انکوائری ٹیم نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سابق سیکریٹری جنرل اسد عمر کو بھی طلب کر لیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سائفر پبلک کرنے کے معاملے پر دونوں رہنماؤں کو 24 جولائی کو طلب کیا ہے۔

سائفر کے حوالے سے تحقیقات کرنے والی ٹیم نے دونوں سیاسی رہنماؤں کو کہا ہے کہ تمام دستاویزات او شواہد بھی ساتھ لائیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے سائفر کو سیاسی مقاصد کے لیے اسمتعمال کرنے کے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے اپنا اعترافی بیان ریکارڈ کروایا ہے، سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے بیان کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا سائفر معاملہ ایک سوچی سمجھی سازش تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp