لندن سے چوری ہو کر کراچی سے برآمد قیمتی گاڑی بلغاریہ کے سپرد کرنے کا فیصلہ

بدھ 19 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لندن سے چوری ہونے والی 35 کروڑ روپے مالیت کی ’بینٹلے وی ایٹ‘ کاربلغاریہ کے سفارت خانے کے سپرد کی جائے گی۔

کسٹمز ایپلیکنٹ ٹربیونل نے سفارتخانے کی جانب سے تحریری انکار کی صورت میں گاڑی وزارت خارجہ کے سپرد کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔

گاڑی سفارتخانے یا وزارت خارجہ کے سپرد کیے جانے کے لیے برطانوی ایجنسی اور سینٹرل نیشنل بیورو کے علم میں لانا بھِی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

کسٹم ایپلیکنٹ ٹربیونل کراچی نے حوالگی کا حکم مقدمے میں نامزد افراد کی کسٹم اپیل مسترد کرتے ہوئے جاری کیا۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ گاڑی کسی بھی صورت چوری کر کے پاکستان منتقل کرنے والوں کے حوالے نہ کی جائے۔

واضح رہے کہ بیش قیمت بینٹلے کارستمبر 2020میں برطانوی خفیہ ایجنسی کی اطلاع پر ڈیفنس فیز 2 کے بنگلے سے برآمد کی گئی تھی۔

برطانوی خفیہ ایجنسی کے مطابق کار لندن سے چوری کے بعد کراچی منتقل کی گئی۔

مقدمے میں نامزد ملزمان کے مطابق گاڑی بلغاریہ کے سفارت خانے کے نام پر منتقل کی گئی تھی، برآمدگی کے وقت گاڑی پر کراچی کی رجسٹریشن نمبرپرمبنی پلیٹ موجود تھِی۔ بنگلے کے مالک سے دستاویزات مانگی گئیں مگر وہ فراہم کرنے سے قاصر رہا۔

محکمے کی ویب سائٹ کے مطابق گاڑی محکمہ موٹررجسٹریشن ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں رجسٹرڈ تھی۔

خلاف قانون رجسٹریشن کے لیے وزارت خارجہ کی اجازت، پاکستان کسٹمز کا این او سی اور ٹیکس و ڈیوٹی کی ادائیگی کی رسیدیں بھِی جمع نہیں کرائی گئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp