چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت آج سیشن کورٹ اسلام آباد میں ہو گی۔ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور اب سے کچھ دیر بعد کیس کی سماعت کریں گے۔
سابق وزیر اعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت اب سے کچھ دیر بعد ایڈیشنل سیشن عدالت اسلام آباد میں ہو گی، ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور سماعت کریں گے، عدالت نے عمران خان کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔
گزشتہ سماعت پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور پر عدم اعتماد کا اظہار کر کے کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کے لیے درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں 5 نئے گواہان پیش کرنے کی درخواست جمع کی تھی، عدالت نے یہ درخواست بھی مسترد کر دی تھی۔
توشہ خانہ فوجداری کیس کیا ہے؟
گزشتہ سال چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے توشہ خانہ ریفرنس الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوایا تھا، الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے 21 اکتوبر کو عمران خان کے خلاف توشہ خانہ نااہلی ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف ’عمران خان نے جان بوجھ کر الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کو جھوٹا بیان جمع کرانے پر آرٹیکل 63 (ون) (پی) کے تحت نااہل قرار دیا تھا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے جو بیان جمع کروایا ہے وہ غیر تسلی بخش ہے اور انہوں نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن137 (اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات جمع کروانا)، سیکشن167 (کرپٹ پریکٹس) اور سیکشن 173 (جھوٹا بیان اور ڈیکلیریشن جمع کروانا) کی خلاف ورزی کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ عمران خان الیکشن ایکٹ کے متعلقہ سیکشنز کے تحت کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے ہیں اور انہوں نے توشہ خانہ سے حاصل تحائف اثاثوں میں ڈیکلیئر نہ کر کے دانستہ طور پر حقائق چھپائے ہیں۔‘
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کی بھی سفارش کی تھی۔
الیکشن کمیشن نے ضلعی الیکشن کمشنر اسلام آباد کو عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں شکایت کنندہ بننے اور الیکشن کمیشن کی پیروی کرنے کا اختیار دیا گیا، جس پر انہوں نے ایڈیشنل سیشن عدالت اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف کیس دائر کیا۔
ابتدائی طور پر اس کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی، بعد ازاں اس کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی عدالت میں منتقل کر دی گئیں۔