سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی کے چچا کے گھر پولیس چھاپے پر آئی جی اسلام آباد و دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم معطل کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت تک مقدمہ درج کرنے سے روکتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، آئی جی اسلام آباد کی جانب سے سید طاہر کاظم عدالت کے سامنے پیش ہوئے، عدالتی استفسار پر آئی جی کے وکیل نے بتایا کہ ایف آئی آر ابھی نہیں ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ امید علی بلوچ کا آرڈر ہے 22 اے کی درخواست تھی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ خلاف ورزی کس نے کی ہے؟ کون وہاں تھا کون نہیں تھا؟ وکیل طاہر کاظم نے بتایا کہ سرچ وارنٹ تھا اسکی تعمیل ہوئی اور تفتیشی افسر وہاں گئے، نہ آئی جی موقع پر تھے نہ ایس پی تھے۔
عدالت نے اندراج مقدمہ کا سیشن کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔ سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔ آئی جی اسلام آباد نے بھی اندراج مقدمہ کے حکم کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے