الیکشن کمیشن نے نگران وزیر خیبر پختونخوا شاہد خٹک کو عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ شاہد خٹک نے نوشہرہ میں سیاسی تقریر کی تھی جس میں انہوں نے پرویزخٹک اور مولانا فضل الرحمان پر تنقید کی تھی۔
نگران وزیر ٹرانسپورٹ و انفارمیشن ٹیکنالوجی شاہد خٹک کی جانب سے سیاسی جلسہ اور تنقید کرنے پر الیکشن کمیشن نے نگران وزیر خیبر پختونخوا شاہد خٹک کو عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق نگراں وزیر کسی جلسے میں شرکت نہیں کر سکتے، نگراں وزیر کی سیاسی جلسے میں شرکت الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی ہے۔
ادھر شاہد خٹک نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے الیکشن ایکٹ یا آئین کی خلاف ورزی نہیں کی، میں نے جلسے میں پرویز خٹک کی کرپشن کی بات کی ہے، گذشتہ حکومت میں بی آر ٹی سمیت دیگر محکموں میں کرپشن پر بات کی ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اسی تناظر میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو بھی خط لکھا ہے۔ جس میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ نگراں حکومت الیکشن عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش نہیں کرے گی اور واضح کیا کہ تمام سیاسی فریقین کو برابری کے مواقع فراہم کیےجائیں۔