پاکستان سپر لیگ کی فاتح فرنچائز لاہور قلندرز نے ننھے کرکٹر کی خواہش پوری کردی ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز فخر زمان سے ملاقات بارہ سالہ اوپننگ بیٹر طٰحہ آصف کی حوصلہ افزائی کا باعث بن گئی۔
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے آغاز سے قبل نیٹ پریکٹس کے دوران اپنے پسندیدہ اسٹروک پلیئر سے ملاقات میں 12 سالہ بلے باز طٰحہ آصف نے بیٹنگ سے متعلق مفید مشورے لیے۔ فخر زمان نے اپنے ننھے فین کو پانچ سینچریاں بنانے پر سراہا اور ہارڈ ہٹنگ کے بجائے بیٹنگ کی دوسری تکنیک کو بہتر بنانے کا مشورہ دیا۔
فخر زمان کی جانب سے فیورٹ شوٹ دریافت کرنے پر طٰحہ کا کہنا تھا کہ وہ کور ڈرائیو انجوائے کرتے ہیں۔ جس پر فخر بولے، ’پھر تو مجھے تم سے سیکھنا چاہیے۔‘ 32 سالہ فخر زمان نے طٰحہ آصف کو زندگی کے معاملات صحتمند رکھنے کا بھی مشورہ دیا۔
طٰحہ کا کہنا تھا کہ اسے فخر زمان سے ملنے کا بہت اشتیاق تھا اور اپنی اس خواہش کی تکمیل پر اسے بیحد خوشی ہے۔ ’ان سے بات کرکے بہت اچھا لگا اور بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔‘