حکومت کا نگراں وزیراعظم کو بااختیار بنانے کے لیے قانون سازی پر غور

پیر 24 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترامیم پر غور شروع کر دیا ہے جس کے تحت نگراں وزیراعظم کو بااختیار بنانے کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔

حکومتی ذرائع نے وی نیوز کو بتایا ہے کہ ’الیکشن ایکٹ کی شق 230 میں ترمیم کے لیے قانونی ماہرین سے مشاورت کی جائے گی جس کے تحت نگراں وزیراعظم کو مزید بااختیار بنایا جائے گا۔‘

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ الیکشن ایکٹ کی سیکشن 230 میں نگران وزیر اعظم کو صرف روز مرّہ امور نمٹانے کا اختیار حاصل ہے، حکومت اب مذکورہ ایکٹ میں ترمیم کرکے نگران وزیر اعظم کو اہم معاملات پر فیصلہ سازی کا اختیار دینے پر غور کر رہی ہے۔‘

ذرائع نے بتایا ہے کہ ’مجوزہ تجاویز پر اتحادی جماعتوں کو بھی اعتماد میں میں لیا جائے گا۔‘

واضح رہے کہ نگران وزیر اعظم کے لیے مسلم لیگ ن کے حلقوں میں سینیٹر اسحاق ڈار کا نام زیر غور ہے جبکہ ان کے علاوہ دیگر سینیئر سیاستدان بھی نگران وزیر اعظم کی دوڑ میں شامل ہیں۔‘

ذرائع نے مزید بتایا کہ نگراں وزیراعظم کے لیے مشاورت کا آغاز رواں ہفتے شروع کیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے جو کہ رواں ہفتے رابطے شروع کر دے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp