کوئٹہ وکیل قتل کیس: عمران خان کو 9 اگست تک گرفتار نہ کیا جائے، سپریم کورٹ

پیر 24 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے کوئٹہ وکیل قتل کیس میں چیٸرمین پی ٹی آٸی کو9 اگست تک گرفتارنہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے بلوچستان حکومت کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دینے کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت پر بھی پیش ہونا ہوگا۔

جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی کوئٹہ وکیل قتل مقدمے سے نام نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بینچ میں شامل ہیں۔ چیٸرمین پی ٹی آٸی وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے پوچھا کہ کس بنیاد پر عمران خان کو شامل تفتیش کرنا چاہتے ہیں؟ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان بولے کہ ایف آئی آر کے مطابق عمران خان کو شامل تفتیش کرنا چاہتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو کہیں وہ تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوں۔ عدالت نے پراسیکیوٹر بلوچستان کی چیئرمین پی ٹی آئی کو شامل تفتیش ہونے کی استدعا مسترد کردی۔

عدالت عظمٰی نے مقدمے میں لمبی تاریخ دینے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی استدعا بھی مسترد کردی۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ اٹارنی جنرل نے رپورٹ فائل کی ہے، ہم نے کچھ چیزیں دیکھنی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت پر بھی پیش ہونا ہوگا۔ دو ہفتے کی تاریخ مناسب ہے، اس سے آگے نہیں جائیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی۔

اسحاق ڈار کے نگران وزیراعظم بننے کی خبر پرعمران خان نے کیا کہا؟

چئیرمین پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ آمد پر وی نیوز نے ان سے سوال کیا کہ اسحاق ڈار کو نگراں وزیراعظم بنایا جارہا ہے، کیا آپ کے لیے قابل قبول ہے؟ اس پر عمران خان نے کہا کہ جنگل کا قانون ہے، کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ جنگل قانون ان شاءاللہ جلد ختم ہوگا۔

مقتول وکیل کو عمران خان کیخلاف آرٹیکل 6 کی درخواست دینے کی وجہ سے دھمکیاں دی جا رہی تھیں، آئی جی بلوچستان

آئی جی بلوچستان نے قتل کیس سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی ہے۔ ایف آئی ار کے مطابق مقتول کو چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف آرٹیکل 6 کی درخواست دینے کی وجہ سے دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔

تحقیقات کے دوران 8 جون کو وزارت داخلہ کی جانب سے 7 رکنی جے آئی ٹی بنائی گئی تھی، ڈی آئی جی، سی ٹی ڈی کی سربراہی میں بنائی گئی جے آئی ٹی کی اب تک 8 میٹنگز ہو چکی ہیں، جے آئی ٹی کے پہلے اجلاس میں ملزمان کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 19 جون کو چیئرمین پی ٹی آئی کو طلبی کے نوٹسز بھیجے گئے تھے، مقدمہ میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 4 ملزمان کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، مقتول کی اہلیہ اور 2 بھائیوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اب تک شامل تفتیش نہیں ہوئے، متعدد بار نوٹسز بھیجنے کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی شامل تفتیش نہیں ہوئے، کیس میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp