انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کو جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراد چیمہ کے خلاف جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے کی سماعت ہوئی، عمر سرفراز چیمہ کو بیماری کے باعث ویل چیئر پر عدالت پیش کیا گیا، ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلمان نے عمر سرفراز چیمہ کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کیں۔
پولیس کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ چالان تیاری کے مراحل میں ہے مہلت فراہم کی جائے، عدالت نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 اگست تک توسیع کرتے ہوئے انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کے عدالتی ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں سابق وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف 9 مئی کو مسلم لیگ ن کا آفس جلانے سمیت 4 مقدمات کی سماعت ہوئی، پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے مقدمات کا چالان تیاری کے مراحل میں ہے۔
عدالت نے پولیس کو چالان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 اگست تک توسیع کردی۔
واضح رہے کہ رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن، تھانہ شادمان اور تھانہ گلبرگ میں مقدمات درج ہیں۔