سعودی کلب الہلال نے فرانسیسی کھلاڑی کائلین ایمباپے کو خریدنے کے لیے پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) کو بولی کی رقم کے طور پر33 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جمع کرا دیے، فرانسیسی کلب پی ایس جی نے رقم جمع ہونے کی تصدیق کردی۔
فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمن کے مطابق اگر ایمباپے سعودی کلب الہلال کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے رضا مند ہو جاتے ہیں تو یہ ایک نیا ریکارڈ قائم ہو جائے گا کہ کسی بھی کلب نے بولی کی رقم کے طور پر 33 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جمع کرائے ہیں۔
معیشت کا احوال بتانے والا اسپیکٹیٹر انڈیکس کے نام سے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے بھی اس رقم کے جمع ہونے کی تصدیق کر دی ہے، اسپیکٹیٹر انڈیکس کے مطابق الہلال کلب کی جانب سے ایمباپے کو خریدنے کے لیے بولی کی رقم کے طور پر 33 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ رقم جمع کرائی گئی ہے۔
BREAKING: 🇸🇦 Saudi club Al Hilal have made a world record $332 million bid for Kylian Mbappé
— The Spectator Index (@spectatorindex) July 24, 2023
مزید پڑھیں
اس سے قبل 2017 میں ایف سی بارسیلونا کی جانب سے پی ایس جی کو برازیلی کھلاڑی نیمار کو ریلیز کرنے کے لیے 24 کروڑ 6 لاکھ روپے بولی کی رقم ادا کی گئی تھی جوکہ ابھی تک کی بولی کے طور پر جمع کرائی گئی ریکارڈ رقم ہے۔
واضح رہے کائلین ایمباپے نے پی ایس جی کو پہلے سے ہی خط لکھ دیا ہے کہ وہ جون 2024 میں معاہدہ ختم ہونے کے بعد کلب کو چھوڑ دیں گے۔
یاد رہے ایمباپے کے حوالے سے خبریں پہلے سے ہی گردش میں ہیں کہ سعودی عرب کی پرو لیگ ایمباپے کو خریدنے کے لیے سرگرم ہے اور وہ اس ضمن میں بولی کے لیے سب سے زیادہ پیسے جمع کرانے کے لیے بھی تیار ہیں۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق سعودی کلب الہلال ایمباپے کو 2 کروڑ 21 لاکھ ڈالر ایک سیزن کے لیے دینے اور 2 سال کے معاہدے کی پیشکش کرچکا ہے۔