ملک بھر میں مون سون بارشوں کا اگلا سلسلہ 31 جولائی سے شروع ہو گا جو 6 اگست تک جاری رہے گا۔
پیر کو محکمہ موسمیات نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ( این ای او سی ) کو بریفنگ دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مون سون کا اگلا سلسلہ 31 جولائی سے شروع ہوکر 6 اگست تک رہے گا جس کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کا خصوصی اجلاس قائم مقام چئیرمین این ڈی ایم اے بریگیڈیئرمحمد بیگ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے بند ہوئی سڑکوں اور پلوں کی بحالی، مون سون بارشوں سے متعلقہ واقعات بشمول چترال، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات پاکستان نے بتایا کہ مون سون کے اگلے سلسلے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں 31 جولائی سے 6 اگست تک شدید بارشیں متوقع ہیں۔جس سے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ، پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت تک مون سون بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا سمیت بڑے آبی ذخائر بالترتیب 79 فیصد اور 74 فیصد کے قریب بھر چکے ہیں، 2 بھارتی ڈیم پونگ اور تھین بھی تقریباً بھر چکے ہیں۔ بھارت سے مزید پانی آنے کی صورت میں دریائے راوی میں سیلاب آنے اور لاہور کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
قائم مقام چیئرمین این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب 2022 کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے خطرے سے دوچار علاقوں میں وسائل کی بر وقت فراہمی کے لیے پلان تیار کریں اور’ارلی وارننگ سسٹم‘ کو فعال انداز میں استعمال کرتے ہوئے آفات کے خطرات کے تدارک کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ وہ تمام میڈیا چینلز، سوشل میڈیا پر عوامی آگاہی کے حوالے سے اقدامات کریں تاکہ مون سون کے ممکنہ خطرات کے بارے میں عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ معلومات پہنچائی جا سکیں۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات پاکستان، فیڈرل فلڈ کمیشن، پی ڈی ایم اے، ایس ڈی ایم اے، جی بی ڈی ایم اے، مسلح افواج اور پی سی آئی ڈبلیو کے نمائند گان نے بھی شرکت کی۔