رعب و دبدبے سے بے پرواہ مخلوق :”کاکروچ آخر چاہتے کیا ہیں؟”

منگل 25 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں گرمیوں کے موسم میں گرمیوں کی بات ہو اور گھر میں آزادانہ گھومنے پھرنے والے کاکروچ کی بات نہ ہو ایسا تو ممکن نہیں، یہی کاکروچ  الجھن اور بعض اوقات تو انتہائی پریشانی کا باعث بھی بن جاتے ہیں۔

کاکروچ کا یوں پورے گھر میں گھومنا الجھن اور تکلیف کا باعث بنتا ہے، آخر یہ کاکروچ چاہتے کیا ہیں؟  ایسی ہی ایک دلچسپ بحث سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس وقت شروع ہوئی جب بیپر نامی صارف نے انتہائی دلبرداشتہ ہو کر صبح ہی صبح ٹویٹ کر ڈالی جس کے جواب میں صارفین نے طنز و مزاح سے ایک خوشگوار ماحول بنا ڈالا۔

صارف بیپر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کاکروچ آپ کی زندگی کا حصہ ہیں، انہیں قبول کریں  بلکہ ان سے بات کرنے کی کوشش کریں کہ یہ آخر چاہتے کیا ہیں؟ اچانک صبح صبح آپ کے سامنے آ کر کھڑے ہو کر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ ان کی مونچھوں کے تاثرات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ آپ کے رعب و دبدبے سے بے پرواہ مخلوق ہیں۔

بحث کا آغاز ہوا تو جہاں صارفین طنز و مزاح کرتے نظر آئے وہیں بعض صارفین ایسے بھی تھے جو کاکروچ سے نجات حاصل کرنے کے طریقے بھی بتاتے نظر آئے۔ صارف شاہ جی لکھتے ہیں کہ کیرم بورڈ میں استعمال ہونے والے پاؤڈر کو دودھ میں مکس کر کے چھوٹی چھوٹی گولیاں بنا کر کر کاکروچ والی جگہوں پر رکھ دیں۔ کاکروچ دودھ کی مہک کے عاشق ہوتے ہیں، جیسے ہی گولیاں کھائیں گے وہیں اکڑ جائیں گے۔ سپرے والی کوشش عارضی ہوتی ہے۔ یہ گولیاں نسل کشی کے لیے بہترین ہیں۔

 

گفتگو مزید آگے بڑھی تو ایک صارف نے عالمی جنگوں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ کاکروچ کو عزت دو!!!جب انسان ایک دوسرے کو ایٹم بم مار کر ختم کر دیں گے تو دنیا پر انہی کا راج ہو گا۔ ہیروشیما، ناگاساکی اور پھر چرنوبیل کی تابکاری میں بھی یہ زندہ بچ  گئے تھے۔

 

ایک اور صارف نے لکھا خواتین چاہے ساس سے ڈریں نہ ڈریں لیکن لال بیگ اور چھپکلی کو دیکھ کر اس طرح چیختی ہیں کہ بندے کا بھی تراہ نکل جاتا ہے۔

 

سوال یہ ہے کہ آخر ان لال بیگوں سے نجات کیسے حاصل کی جا سکتی ہے؟

انڈین اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق لال بیگ گھر میں غذا کے حصول کے لیے آتے ہیں، اس لیے انہیں گھر سے دور رکھنے کا ایک آسان نسخہ یہی ہے کہ بچا ہوا کھانا کچن میں مت چھوڑیں، گھر کی صاف ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور گھر میں ان کے ممکنہ داخلی راستوں کو تلاش کریں۔ جو جگہیں مشتبہ لگیں انہیں بند کرنے کی کوشش کریں۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp