بلوچستان میں شدید بارش، 6 افراد جاں بحق، صوبے کا رابطہ ملک کے دیگر علاقوں سے منقطع

بدھ 26 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے شمالی و مشرقی علاقوں میں گزشتہ اتوار سے بارشوں کا شروع ہونے کا سلسلہ تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے، جس سے سیلاب کے باعث بلوچستان کا زمینی راستہ ملک کے دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق بارشوں کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہو چکے ہیں، سیلاب کے باعث صوبے میں 4 مقامات پر قومی شاہراہوں پر آمدورفت معطل ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ سکھر قومی شاہراہ بولان کے مقام پر پنچرہ پل میں سیلابی صورتحال کے باعث 4 روز سے بند ہے۔ کوہلو بارکھان قومی شاہراہ فورٹ منرو کے مقام پر بند ہے۔

ہرنائی سنجاوی قومی شاہراہ سیلابی صورتحال کے باعث آمدورفت کے لیے بند ہے جبکہ سندھ کو بلوچستان سے ملانے والی خضدار ٹو رتو دیرو قومی شاہراہ ٹبڑی کے مقام پر بند ہے۔

شٹل ٹرین سروس کا آغاز

بلوچستان کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہونے پر محکمہ ریلوے کی جانب سے شٹل ٹرین سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کوئٹہ سے سبی کے لیے پہلی شٹل ٹرین روانہ کردی گئی ہے جو 5 بوگیوں پر مشتمل ہے جس میں 600 مسافر سوار ہیں، کوئٹہ سے سبی شاہراہ بند ہونے کے بعد شٹل ٹرین سروس شروع کی گئی ہے۔

قومی شاہراہوں کی بندش کے باعث سیکڑوں مسافر سڑکوں پر گزشتہ کئی روز سے محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ جن کے پاس کھانے پینے کی اشیاء کی کمی ہوتی جارہی ہے تاہم قومی شاہراہوں کی بحالی کے لیے حکومت نے مشینری بھجوا دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp