نواز شریف کی واپسی کی تیاریاں شروع، نوٹیفیکیشن جاری

بدھ 26 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ممکنہ وطن واپسی پر زبردست استقبال کی تیاریاں تیز کردی ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان حلفی کی بنیاد پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے گئی تھی، جس کے بعد نواز شریف 19 نومبر 2019 کو علاج کی غرض سے لندن روانہ ہوئے تھے ، تقریبا 4 سال ہونے کو ہیں مگر نواز شریف علاج کروا کے واپس پاکستان نہ آئے۔

 مختلف اوقات میں پاکستان کی عدالتوں میں فیملی کی جانب سے نواز شریف کی رپورٹس پیش کی گئیں کی کہ وہ ابھی زیر علاج ہیں پاکستان واپس نہیں آ سکتے، ایک سال گزرنے کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخیں ان کی پارٹی کی جانب سے دی جاتی رہی ہیں کہ نواز شریف واپس آ رہے ہیں اور آکے اپنے مقدمات کا سامنا کریں گے لیکن معاملہ جوں کا توں رہا۔

ن لیگ نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی کی حکومت گرائی مگر نواز شریف وطن واپس نہ آئے لیکن اب کی بار مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل پنجاب اویس لغاری کی جانب سے نواز شریف کی ممکنہ وطن واپسی پر ان کے استقبال کی تیاریوں کا نوٹفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا لہذا ضلعی سطح پر پارٹی کے عہدداران، یونین کونسل لیول کے عہدیداران اپنی تیاریاں مکمل رکھیں جب تاریخ کا اعلان کیا جائے تو لیگی ورکرز،کارکن  اور رہنما بڑی بڑی ریلیوں کی شکل میں تعین کردہ شہر میں پہنچیں۔

نواز شریف کے استقبال کے لیے قافلے کس شہر میں پڑاؤ ڈالیں گے ؟

چند دن پہلے لاہور میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس ماڈل ٹاون  میں ہوا جس میں پارٹی کے ڈویژنل صدور، سیکریٹریز، اضلاع کے صدر و  سیکریٹریز، ایم این ایز اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت۔

اجلاس میں نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے تیاریوں کی تجویز مانگی گئی اور ہر ایم پی اے اور ایم این ایز کو اپنے حلقے سے 500 سے 1000 بندہ ساتھ لے کر آنے کی ہدایت کی گئی  لیکن اس میٹنگ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ نواز شریف لندن سے پاکستان واپسی پر کس شہر میں اتریں گے۔

دوسری جانب فیصل آباد کے ڈویژنل صدر حاجی اکرم انصاری کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے  کہ پارٹی کے تمام عہدایدار نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں مکمل کریں، قافلے لاہور ائیر پورٹ کی جانب جائیں گے اس نوٹفکیشن میں بھی نواز شریف کی واپسی کی تاریخ درج نہیں ہے البتہ کس شہر میں قافلوں نے استقبال کے لیے پڑاؤ ڈالنا ہے اسکا ذکر ضرور کیا گیا ہے۔

نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کی مریم نواز خود نگرانی کریں گی؟

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے مطابق نواز شریف کی واپسی کا اعلان 16 ستمبر کے بعد کیا جائے گا۔

 نواز شریف کی ممکنہ وطن واپسی کے حوالے سے استقبال کی تیاریوں کی نگرانی مریم نواز نے پاکستان پہنچتے ہی خود سنھبال لی ہیں۔

مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ تقریبا 1 لاکھ لوگ ایئر پورٹ پر پہنچنے چاہئیں۔ اس کے لیے پارٹی کے عہدیدارن، ورکرز اور کارکنان کی مالی معاونت بھی کی جائے تاکہ پارٹی کے لوگ استقبال کی تیاریاں کر سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp