کوہلو میں بارودی سرنگ دھماکے میں شہید ہونے والے میجر محمد جواد اور کیپٹن صغیر عباس کی نماز جنازہ راولپنڈی اور کوٹ ادو میں ادا کر دی گئی۔
دونوں افسران کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے بھی شرکت کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں افسران گزشتہ روز کوہلو میں بارودی سرنگ پھٹنے سے شہید ہوگئے تھے۔ میجر جواد شہید کی نماز جنازہ راولپنڈی اور کیپٹن صغیر عباس کی نماز جنازہ مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ ادو کے علاقے بستی پتل میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں شہدا کے لواحقین اور ریٹائرڈ افسران نے بھی شرکت کی۔میجر محمد جواد شہید کا تعلق کلر کہار کے علاقے پشال کلاں سے ہے۔
میجر محمد جواد شہید نے سوگواران میں بیوی اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔ میجر محمد جواد شہید نے 123 پی ایم اے لانگ کورس میں کمیشن حاصل کیا اور انفنٹری کی مایہ ناز فرنٹئیر فورس میں شمولیت اختیار کی۔
کیپٹن صغیر شہید نے 137پی ایم اے لانگ کورس میں کمیشن حاصل کیا اور آرمی کی ایئر ڈیفنس کور جوائن کی۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کو دوہرایا کہ دشمن بلوچستان میں امن و امان اور خوشحالی سبوتاژ نہیں کر سکتا۔ سیکیورٹی ادارے جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردوں کے ناپاک عزاٸم کے خلاف ہمیشہ سینہ سپر رہیں گے ۔