کراچی میں بہیمانہ طریقے سے قتل کیے گئے باپ بیٹا کون ہیں؟

بدھ 26 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بدھ کی دوپہر فائرنگ کر کے باپ، بیٹا قتل کر دیے گئے۔

کراچی پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ڈیفنس کے علاقے میں پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق متعدد موٹرسائیکلوں میں سوار نامعلوم افراد نے گاڑی کو گھیرے میں لے کر اس پر فائرنگ کی جس میں پانچ افراد سوار تھے۔ ایک فرد موقع پر جاں بحق ہوا، زخمی ہونے والے افراد میں سے ایک نے اسپتال میں دم توڑا جب کہ دو زخمی اب بھی زیرعلاج ہیں۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ زون کے مطابق گاڑی میں سوارافراد ڈیفنس خیابان شمشیر سے ڈیفنس فیز 7 جا رہے تھے۔

پولیس افسر کے مطابق واقعے میں 2 قسم کا اسلحہ استعمال کیا گیا ہے۔ واقعے کی جگہ سے نائن ایم ایم اور بڑے اسلحے کی گولیوں کے خول ملے ہیں۔

قبل ازیں مقامی میڈیا رپورٹس میں ذرائع کی بنیاد پر دعوی کیا گیا تھا کہ گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں قتل ہونے والے اکرم ابڑو اور ان کے صاحبزادے شہریار ابڑو ہیں۔

مقتولین کو تحریک انصاف کے سابق رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کا بھائی اور بھتیجا قرار دینے والوں کا دعوی ہے کہ وہ دیگر افراد کے ہمراہ کراچی سے جیکب آباد جا رہے تھے جب ان کی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔

ڈیفنس کراچی میں فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی میں پانچ افراد سوار تھے (فوٹو: کراچی پولیس)

مقامی میڈیا پر رپورٹ ہونے والے ڈی آئی جی ساؤتھ زون سے منسوب بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ پی ٹی آئی کے سابق رکن اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی کی گاڑی پر کی گئی ہے۔ ڈیفنس کی عائشہ مسجد کے قریب پیش آنے والے فائرنگ کے واقعہ میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسی دوران سندھ بار کونسل کی جانب سے میڈیا کو جاری کردہ خبر میں بتایا گیا ہے کہ ڈیفنس میں ہونے والی فائرنگ میں نشانہ بننے والے اکرم ابڑو سندھ بار کونسل کے ممبر ہیں۔

وکلا کی صوبائی بار کے مطابق اکرم ابڑو ایڈووکیٹ جیکب آباد میں وکالت کرتے ہیں۔

انچارج کرائم سین انویسٹی گیشن یونٹ عمران جدون کے مطابق گاڑی پر 60 سے 65 نشانات پائے گئے ہیں۔ گاڑی کے اندر لائسنس یافتہ اسلحہ موجود تھا لیکن اندر موجود افراد اسے استعمال نہیں کر سکے ہیں۔

ایڈیشنل ڈی آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے جناح ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ کی صبح 11:50 پر پیش آنے والے واقعے میں اکرم ابڑو اور ان کے ساتھ موجود چار افراد نشانہ بنے۔

جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسلم ابڑو کے بھتیجے شہریار ابڑو دوران علاج جانبر نہ ہوسکے جب کہ ان کے بھائی اکرم ابڑو کو اسپتال مردہ حالت میں لایا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ میں زخمی ہونے والے 44 سالہ عبداللہ خان اور 42 سالہ ارشاد علی رکن اسمبلی اسلم ابڑو کے دوست ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp