حکومت ملی تو ہر سال 5 سے 10 لاکھ لیپ ٹاپ دیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

بدھ 26 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا ہے، 2023 سے 2024 کے دوران مزید ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے، آئندہ حکومت ملی تو صوبوں کے ساتھ مل کر ہرسال 5 سے 10 لاکھ لیپ ٹاپ دیں گے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یوتھ لون پروگرام کے تحت 30 ارب روپے تقسیم کرنے والے بینکوں کامشکورہوں، پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا، ملک کےبدخوا جادو ٹونے میں مصروف رہے، پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو ہمیں کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا، غیرملکی میڈیا کہہ رہا ہے آئی ایم ایف معاہدے کے بعدپاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہوا۔

سندھ حکومت 2008 سے یوتھ لون پروگرام چلا رہی ہے، مراد علی شاہ

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت بھی 2008 سے نوجوانوں کو قرض دینے کا پروگرام چلارہی ہے، بے نظیربھٹو یوتھ لون پروگرام سے کئی نوجوان فائدہ حاصل کرچکے ہیں، ملک کو مسائل سے نوجوان ہی نکال سکتے ہیں، سندھ میں خواتین کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم اور قرض لینے والوں میں 70 فیصد خواتین ہیں، جنہیں لیپ ٹاپ ملیں گے وہ ملک کی معیشت میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ این ای ڈی یونیورسٹی میں آئی ٹی پارک بنانے جارہے ہیں، وزیراعظم اگر دو تین دن یہاں رہیں تو ہم انہیں اپنے منصوبے دکھا سکیں، بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام اور یوتھ لون پروگرام سے بہت لوگ مستفید ہوئے ہیں، سندھ حکومت یوتھ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کررہی ہے۔

آئی ٹی برآمدات میں اضافے سے زرمبادلہ کو بڑھایا جا سکتا ہے، امین الحق

اس موقع پر وفاقی وزیرآئی ٹی امین الحق نے کہا کہ اندرون سندھ میں فائبرآپٹک کے لیے 18 ارب روپے خرچ کیے، آئی ٹی برآمدات میں اضافے سے ملکی زرمبادلہ کوبڑھایاجاسکتا ہے، ایک سال میں ملکی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا، ہماری وزارت نے ملک کے مختلف شہروں میں آئی ٹی کورسز کرائے، پاکستان میں موبائل مینوفیکچرنگ شروع ہوئی ہے۔

عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، گورنر سندھ

اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ گورنرہاؤس میں لگی امید کی گھنٹی سائلین کی دادرسی کی کوشش ہے، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے زیادہ اقدامات کرنا ہوں گے، گورنرہاؤس میں ایک لاکھ طلبا کوآئی ٹی کا ایک سال کا کورس کرانے کا انتظام کیا، وزیراعظم نے15 ماہ کے قلیل عرصہ میں معیشت کو سنبھالا، یہاں موجود نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور بہتر تعلیم ان کا حق ہے۔

قبل ازیں گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے وزیراعظم شہبازشریف کا ’امید کی گھنٹی‘ پروگرام میں استقبال کیا، وزیراعظم شہبازشریف نےامید کی گھنٹی پروگرام کا جائزہ لیا، گورنرسندھ نےوزیراعظم کوامید کی گھنٹی اورطاقتورپاکستان راشن پروگرام کی تقسیم کےبارے میں بتایا۔

وزیراعظم شہبازشریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے سندھ بھر میں پروگرامز شروع کیے جا رہے ہیں، نوجوانوں کے لیے پروگرامز شروع کرنے پروزیراعلیٰ سندھ اورگورنر کومبارکباددیتا ہوں، امین الحق نے بڑی محنت سے پروگرام کو آگے بڑھایا ہے، جن بچوں کو لیپ ٹاپ دیے ان میں اکثریت کا تعلق چھوٹے شہروں سے تھا، نوجوانوں کو سہولیات دے کر ہی پاکستان کی ترقی ممکن ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp