اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کا چھاپہ، زلفی بخاری کی رہائشگاہ سیل

بدھ 26 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما زلفی بخاری کی اسلام آباد میں رہائشگاہ پر پولیس اور انتظامیہ نے چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کے 40 سے زائد اہلکاروں نے زلفی بخاری کی رہائشگاہ پر کارروائی کی ہے اور ملازمین کو گھر سے باہر نکال کر رہائشگاہ کو سیل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل: زلفی بخاری نے نیب میں پیش ہونے سے معذرت کر لی

واضح رہے کہ زلفی بخاری اس وقت بیرون ملک مقیم ہیں اور ان پر پاکستان میں مقدمات درج ہیں، 7 جولائی کو جوڈیشل مجسٹریٹ محمد شبیر نے زلفی بخاری کے وانٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کے خلاف تھانہ گولڑہ میں انسداد دہشتگردی سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

اس کے علاوہ یہ بھی یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھی مطلوب ہیں اور جون میں زلفی بخاری کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا مگر انہوں نے تحریری جواب کے ذریعے پیشی سے معذرت کر لی تھی۔

نیب کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں جاری تحقیقات میں سابق وفاقی وزیر زلفی بخاری بھی شامل تفتیش ہیں، یہی وجہ ہے کہ نیب نے زلفی بخاری کو کال اپ نوٹس بھیجا تھا۔

سابق وفاقی وزیر زلفی بخاری نے نیب کے بھیجے گئے کال اپ نوٹس کے جواب میں لکھا تھا کہ بیرون ملک مقیم ہونے کے باعث وہ نیب آفس پیش نہیں ہوسکتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp