بھارتی شہری انجو درست ویزا پر پاکستان آئیں، بھارتی ہائی کمشن نے ابھی تک کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا، دفتر خارجہ

جمعرات 27 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی شہری انجو مؤثر اور درست  ویزا پر پاکستان آئی ہیں، بھارتی ہائی کمشن نے ابھی تک انجو کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا۔ بھارت نے ابھی تک ہمیں سیما حیدر نامی خاتون کی قومیت کی حوالے سے کسی قسم کی کوئی معلومات فراہم نہیں کیں، جبکہ بھارتی شہری انجو ایک مؤثر، درست ویزا پر پاکستان آئی ہیں۔

جمعرات کے روز ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 15 افراد کی میتیں گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاوٗالدین، وہاڑی اور میرپور آزاد کشمیر میں ان کے ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

’یونان میں پاکستانی سفارتخانے نے میتوں کی وصولی اور ان کی وطن واپسی کے عمل کو مکمل کیا۔ یونانی حکام نے بتایا ہے کہ انہوں نے ڈی این اے میچنگ مکمل کر لی ہے، 15میتوں کے علاوہ نکالے جانے والی نعشوں میں مزید کوئی پاکستانی نہیں ہے۔‘

پاکستان کے بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی کے معاہدے پر دستخط

ترجمان نے بتایا کہ ’وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی (آئیفیڈ) کے ساتھ ہوسٹ کنڑی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، معاہدے پر آئیفیڈ کے صدر الوارو لاریو نے بھی دستخط کے ۔‘

’معاہدے کی رو سے آئیفیڈ اسلام آباد میں اپنا کنڑی آفس بنائے گا۔ آئیفیڈ کی پورے پاکستان میں اس وقت 67 کروڑ 30 لاکھ سے زائد کی سرمایہ کاری ہے جو آئیفیڈ کی جانب سے کسی بھی ملک میں دوسری سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔‘

ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی مذمت

دفترِ خارجہ نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں پاکستانی سفارتخانے کے سامنے قرآن پاک اور پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کی پرزور مذمت کی ہے۔ پاکستان نے اس سلسلے میں ڈنمارک حکومت کے ساتھ احتجاج کیا ہے، دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈنمارک حکومت اس سلسلے میں قانونی اقدامات کرے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اسلاموفوبیا کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور آزادی اظہار کی آڑ میں اربوں مسلمانوں کی دل آزاری نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے اسلاموفوبیا کے حوالے سے ایران، سعودی عرب، ترکیہ کے وزرائے خارجہ، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔

وزیر خارجہ کی یوکرین اور دیگر ممالک سے گرین اینیشیٹو پر بات چیت

دفترخارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ ہفتے یوکرین اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ بلیک سی گرین انیشییٹو پر بات کی ہے جس کا مقصد بحیرہ اسود کے ذریعے یوکرینی اجناس کی دوسرے ممالک تک رسائی کو بحال کرنا تھا، وہ بلیک سی گرین انیشییٹو کی بحالی کے لیے متعلقہ ممالک کے درمیان رابطہ کاری، مذاکرات اور مشاورت کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے سیما حیدر سے متعلق بات کرتے کہا کہ بھارت نے ابھی ہمیں سیما حیدر نامی خاتون کی قومیت کی حوالے سے کسی قسم کی کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہیں جس کے باعث سیما کی قومیت کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی شہری انجو ایک مؤثر اور درست  ویزا پر پاکستان آئی ہیں، بھارتی ہائی کمشن نے ابھی تک انجو کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا۔

بھارتی ریاست منی پور میں اقلیتوں پر مظالم کو دیکھ رہے ہیں

بھارتی وزیر خارجہ کے لداخ میں دیے گئے بیان پر دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، بھارتی مہم جوئی کا پلوامہ واقعے میں بھرپور جواب دے چکے ہیں، پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہشمند ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی ریاست منی پور میں اقلیتوں پر مظالم کو دیکھ رہے ہیں۔ بھارت اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں تاہم تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ جموں و کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہا۔ بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں۔ یہ بیان بھارت کی جانب سے ہمسایہ ممالک کے لیے جارحانہ رویے کا عکاس ہے۔

پاکستان اپنے شہریوں کے قتل عام میں ملوث افراد سے مذاکرات نہیں کرے گا

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے قتل عام میں ملوث افراد سے مذاکرات نہیں کرے گا۔ یہ مؤقف مذاکرات کی بات کرنے والوں کو پہنچا دیا ہے۔ افغان وزارت خارجہ کا بیان ان کے مؤقف کا اظہار ہے، ضروری نہیں کہ وہ اس حوالے سے ہمارے موقف سے مطابقت رکھتا ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp