پی ٹی آئی خواتین سے متعلق ریمارکس، میری بات کو صنفی امتیاز سے نہ جوڑا جائے، خواجہ آصف

جمعرات 27 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی خواتین کے بارے میں ریمارکس پر معافی مانگنے سے انکار کر دیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں سینیٹ کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما کامران مرتضیٰ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’تحریک انصاف کی خواتین بھی ہماری بہنیں ہیں، ان کے بارے میں کوئی اور بات کرے نہ کرے میں اس پر معذرت کرتا ہوں۔

کامران مرتضیٰ نے کہا ’میں خواجہ آصف سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر وہ ان سے معذرت کر لیں گے تو اس پر ان کو قد چھوٹا نہیں بڑا ہو گا، میں درخواست کرتا ہوں کہ وزیر دفاع معذرت کر لیں۔‘

خواتین کے حوالے سے کوئی تضحیک آمیز گفتگو نہیں کی، خواجہ آصف

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ میں نے خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال نہیں کیے، وہاں پر تحریک انصاف کے مرد حضرات بھی بیٹھے ہوئے تھے، ریمارکس ان کے متعلق بھی تھے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ان کی بات کو صنفی امتیاز سے جوڑا جا رہا ہے جو درست نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر تحریک انصاف والے یہ چاہتے ہیں کہ میں اپنے ریمارکس پر معذرت کروں تو پھر وہ پہلے عمران خان سے کہیں کہ وہ مریم نواز سے معذرت کریں کیوں کہ وہ ماضی میں ہماری خاتون رہنما کے خلاف غلط زبان استعمال کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے متعلق تحریک انصاف کے رہنماؤں نے جو کچھ کہا کیا اس وقت ان رہنماؤں کا ضمیر نہیں جاگا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کو کھنڈرات اور باقیات قرار دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp