نواز شریف یورپ کے دورے پر روانہ، 2 اہم ملاقاتیں بھی طے

جمعرات 27 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف دبئی اور سعودی عرب میں قیام کے بعد یورپ روانہ ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف 2 ہفتے تک یورپ میں رہیں گے جہاں خاندان کے دیگر افراد بھی ان کے ساتھ ہوں گے، یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ اس دورے کے دوران نواز شریف کی 2 اہم ملاقاتیں بھی ہونی ہیں جن کا شیڈول طے پا چکا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی آئندہ عام انتخابات سے قبل وطن واپسی کا بھی امکان ہے اور خیال کیا جارہا ہے کہ کیسز سے کلیئر ہونے کے بعد نواز شریف چوتھی بار پاکستان کے وزیراعظم بھی بن سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ و مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثنااللہ نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف انتخابات سے ڈیڑھ ماہ قبل وطن واپس آ جائیں گے۔

نواز شریف کی واپسی کی تیاریاں، استقبال کی تیاریوں کا نوٹیفکیشن جاری

یہاں یہ بھی یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل پنجاب اویس لغاری کی جانب سے نواز شریف کی ممکنہ وطن واپسی پر ان کے استقبال کی تیاریوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا لہذا ضلعی سطح پر پارٹی کے عہدداران، یونین کونسل لیول کے عہدیداران اپنی تیاریاں مکمل رکھیں جب تاریخ کا اعلان کیا جائے تو لیگی ورکرز،کارکن اور رہنما بڑی بڑی ریلیوں کی شکل میں تعین کردہ شہر میں پہنچیں۔

نواز شریف کے استقبال کے لیے قافلے کس شہر میں پڑاؤ ڈالیں گے ؟

چند دن پہلے لاہور میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس ماڈل ٹاون میں ہوا جس میں پارٹی کے ڈویژنل صدور، سیکریٹریز، اضلاع کے صدر و سیکریٹریز، ایم این ایز اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے تیاریوں کی تجویز مانگی گئی اور ہر ایم پی اے اور ایم این ایز کو اپنے حلقے سے 500 سے 1000 بندہ ساتھ لے کر آنے کی ہدایت کی گئی لیکن اس میٹنگ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ نواز شریف لندن سے پاکستان واپسی پر کس شہر میں اتریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp