کشمور میں پولیس آپریشن: 8 خطرناک ڈاکوؤں کی ہلاکت کا دعوٰی

جمعہ 28 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ و پنجاب کے کچے کے علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے پولیس کا آپریشن جاری ہے ۔ کچہ کشمور کے علاقے میں پولیس کی ڈاکوؤں کے خلاف تازہ کارروائی کے نتیجہ میں 8 مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

سندھ پولیس حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر پولیس ٹیم نے کچہ کشمور میں کارروائی کرکے ڈاکوؤں کے سرغنہ جانو انڈھڑ سمیت 8 ملزمان کو ہلاک اور 3 کو زخمی کردیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان ماہی چوک کے علاقے میں 2 سال قبل ایک ہی خاندان کے 9 افراد کو قتل کرنے کے مقدمے میں بھی مطلوب تھے۔ جن کی کسی بھی صورت گرفتاری پر سندھ اور پنجاب پولیس کی جانب سے انعام مقررکیا گیا تھا۔

 

اس حالیہ پولیس کارروائی پر آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ پولیس جرائم میں ملوث ڈاکوؤں اور ملزموں کے خلاف انتہائی منظم اور بھرپور حکمت عملی کے تحت قرار واقعی اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔

دوسری جانب رحیم یارخان کے علاقے کچہ کشمور میں 6 ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو یرغمال بنا لیا۔

پولیس کے مطابق کچے کے علاقے کھروڑ میں ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنالیا ہے، جن کی بحفاظت رہائی کے لیے ڈی پی او رحیم یارخان کی سربراہی میں 3 بکتر بند اور پولیس کی نفری روانہ کردی گئی ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچے کے علاقے کھروڑ میں ڈاکوؤں سے مقابلہ جاری ہے اور اس لڑائی میں پولیس کے ایک مخبر کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

آئی جی پنجاب پولیس عثمان انور نے سندھ میں اپنے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ اس موقع پر دونوں آئی جیز نے کچے کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے کے لیے آپریشن میں تیزی لانے پر اتفاق کیا۔ آئی جی پنجاب نے کچے کے علاقے کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے کے لیے سندھ پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp