بلوچستان میں بارش کی تباہ کاریاں، 2 روز میں مزید 5 شہری ہلاک

جمعہ 28 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان میں جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں گزشتہ دو روز کے دوران 5 شہریوں کی ہلاکت کے بعد صوبے بھر میں اب تک مون سون کے موسم میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بلوچستان 19 جون سے شروع ہونیوالی مون سون کی بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 2 خواتین اور 2 بچوں سمیت اب تک 10 شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔

صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 3 سو 35 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ 1سو 12 مکانات مکمل جب کہ 2 سو 23 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں میں پی ڈی ایم اے ، ضلعی انتظامیہ اور ایف سی کے اہلکار شامل ہیں۔ خاران اور ڈیرہ بگٹی کے سیلاب متاثرین میں خوراک ، ٹینٹ اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا گیا ہے۔

سیلابی صورتحال

بلوچستان میں جاری مون سون کی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان  کے مختلف علاقوں  میں مون سون  کی بارشوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ کئی علاقوں میں سیلابی ریلے بجلی کے کھمبے بہا لے گئے ہیں۔ جس کے باعث ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوچکی ہے۔

گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ موسلادھار بارش کے باعث مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے

قومی شاہراہ ایک مرتبہ پھر سیلابی ریلے کی نذر

پنجرہ پل کے مقام پرعارضی راستہ ایک بار پھر سیلابی پانی کی نذر ہونے کے بعد بلوچستان کو سندھ پنجاب سے ملانے والی قومی شاہراہ ایک بار پھربند ہوگئی ہے۔

عارضی راستہ پانچ روز بند ہونے کے بعد کل چند گھنٹے کھل گیا تھا جسے سیلابی ریلا دوبارہ نگل گیا ہے۔ قومی شاہراہ کی اس نوعیت کی بندش سے مسافر عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

شہریوں نے قومی شاہراہ کی معطلی کو سر درد قرار دیتے ہوئے اس مسئلہ کو مستقل حل دریافت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بولان کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق بولان میں شدید بارشوں کی وجہ سے پنجرہ پل پر سیلابی ریلا گزر رہا ہے لہذا مسافراور ٹرانسپورٹرز اس دوران سفر سے گریز کریں۔

کوئٹہ کراچی شاہراہ بھی بند

حب  پل کا راستہ  نہ بننے کی وجہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بھی بند ہوچکی ہے۔ کوئٹہ، کوہلو، ژوب، شیرانی، موسی خیل، قلعہ سیف اللہ، اور قلات میں مزید بارش کا امکان ہے۔

خضدار،آواران،سبی،ہرنائی ، بولان، با رکھان، لورا لائی ،نصیر آباد اورڈیرہ بگٹی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

میرانی ڈیم کی صورتحال

بلوچستان کے علاقے کیچ میں میرانی ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پراسپل وے کھول کر پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔ صوبائی محکمہ آبپاشی کے مطابق میرانی ڈیم میں پانی کی سطح248.90 فٹ تک بلند ہوگئی تھی جب کہ ڈیم کے اسپل وے کی سطح 244 فٹ ہے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp