یوم عاشور پر وزیراعظم، صدر مملکت اور وفاقی وزراء کے پیغامات

ہفتہ 29 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عظمت حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء جن میں بچے اور عورتیں بھی شامل تھے، کی قربانی میں آفاقیت اور ایثار کی ایسی علامتیں ہیں جن کی پوری بنی نوع انسان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ 14 صدیاں گزرنے کے باوجود، اللہ کے نبیؐ کے خاندان کی اس عظیم قربانی کی یاد نے انسانی شعور کے ارتقاء اور حق انصاف اور آزادی کی انسانی جدوجہد کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

وزیر اعظم نے لکھا کہ طاقت کے استعمال سے ظلم و جبر کے شکار لوگوں کے لیے امام حسینؓ  کی مثال صبر ،برداشت اور ظلم کے خلاف مزاحمت تاریکی میں امید کا دیا جلائے رکھتی ہے۔

وزیراعظم  نے کہا کہ نبیؐ کے محبوب نواسے اسلام کی اخلاقی اساس کی حفاظت کے لیے  ڈٹے رہے اور انسانیت کی تاریخ میں اپنی شجاعت، بہادری اور ایمان کی طاقت کے ان مٹ نقوش چھوڑ گئے۔

عاشورہ اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عاشورہ کا مقدس دن اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔اس دن کربلا کے میدان میں حق وباطل کی لڑائی میں اسلامی اقدار کے تحفظ کی خاطر نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ نے عظیم قربانی پیش کی۔

یہ معرکہ اسلام کی سربلندی کی خاطر ایک جدوجہد تھی جو امام حسین کے اصولی موقف، غیر متزلزل بہادری اور قربانی سے عبارت ہے۔

ایوان صدر میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشورہ 10 محرم الحرام 1445ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ کا اپنے وقت کے ظالم حکمران یزید کے خلاف موقف طاقت یا انتقام کی وجہ سے نہیں تھا۔ بلکہ انصاف، اسلامی اقدار کے تحفظ، بدعنوانی اور ظلم سے اسلامی معاشرے کی حفاظت کیلئے ایک اصولی موقف تھا۔

اس جرأت مندانہ عمل سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں ظلم اور غلط کام کے سامنے نہیں جھکنا چاہیے، اور ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، چاہے اس کے لیے کتنی ہی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔

صدر مملکت کے مطابق امام حسین رضی اللہ عنہ کے ساتھی، جو اس پُرآشوب دن میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے، ہمیں وفاداری، راستبازی اور حق و انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والوں کا ساتھ دینے کی اہمیت سکھاتے ہیں۔کربلا کی جنگ سے ہمیں بے لوثی اور عظیم تر بھلائی کے لیے قربانی کی اہمیت کا درس ملتا ہے۔

عاشورہ کے موقع پر ہمیں مختلف مکاتب ِفکر کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کی اہمیت کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ آئیں، ہم اسلام کے بنیادی اصولوں ہمدردی، رواداری ، مشاورت اور سماجی انصاف کے فروغ کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں۔

صدر مملکت نے کہا کہ آئیے ، ہم امام حسین کی تعلیمات کو اپنائیں اور ان کی جرأت اور استقامت کو اپنی زندگیوں میں نقل کرنے کی کوشش کریں۔

صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ہم متحد ہو کر اور اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر یکجان قوم بن کر ملک ِپاکستان کی ترقی کے لیے کام کریں۔

 آئیے ہم ایک بن کر کھڑے ہوں، ان اقدار کو برقرار رکھیں جن کی امام حسین کی قربانی نمائندگی کرتی ہے۔ اللہ تعالی ہمیں امام حسین کی قربانیوں سے سبق حاصل کرنے اور ہمت، استقامت اور دلیری کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

یوم عاشور ہمیں ہر دور میں یزیدیت کے خلاف برسر پیکار رہنے کی یاد دلاتاہے، خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ یوم عاشور ہمیں حسینیت کے تا ابد زندہ و پائندہ رہنے اور ہر دورمیں یزیدیت کے خلاف برسر پیکار رہنے کی یاد دلاتاہے۔

ہفتہ کواپنے ایک ٹویٹ میں وزیردفاع نے کہاکہ یوم عاشور ہمیں یاد دلاتا ہےکہ حسینیت تا ابد زندہ اور پائندہ ہے اور ہر دور میں یزیدیت کے خلاف برسر پیکار رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ ظلم ، جبر اور بربریت کے خلاف جنگ میں خانوادہ رسولؐ کی قربانی مشعل راہ ہے اور ہر دور میں ہرمعاشرے کے یزید کیخلاف جنگ ہم پر فرض ہے اور اس کے لیے قربانی سنت ہے۔

محرم الحرام سخت آزمائش کا مقابلہ کرنے کا جذبہ صادق عطا کرتا ہے ،وفاقی وزیر امین الحق

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے ایک بینا میں سید الشہداء امام حسین اور کربلا میں ان کے ساتھ ڈٹ کر جان دینے والے رفقاء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ نے شہادت اپنا کر تاریخ اسلام میں اس دن کو قیامت تک کے لیے خاص بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ حسینی پیغام یہی ہے کہ باطل قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جان و مال کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

امین الحق نے کہا کہ شہادت امام حسینؓ درحقیقت حق کی فتح اور ظالم کیخلاف ڈٹ جانے اور ایثار وقربانی کا استعارہ ہے۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے کہا کہ محرم الحرام سخت آزمائش کا مقابلہ کرنے کا جذبہ صادق عطا کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp