دورۂ آسٹریلیا: پاکستان شاہینز کو پہلے ٹی 20 میچ میں شکست

اتوار 30 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان شاہینز کو ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں این ٹی اسٹرائیک کیخلاف 59 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستان شاہینز 18 اعشاریہ 4 اوورز میں 126 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ڈارون کے گارڈنز اوول میں کھیلے گئے میچ میں این ٹی اسٹرائیک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔ جیک ووڈ نے 24 رنز بنانے کے علاوہ 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

این ٹی اسٹرائیک کی اننگز کی خاص بات پرم اوپل اور جوش کان کی عمدہ بیٹنگ تھی۔ پرم اوپل نے صرف 28 گیندوں پر59 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے 6 چوکے اور 2 چھکے بھی مارے۔

جوش کان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر47 رنز اسکور کیے جس میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ جیسن سانگھا نے 26 اور جیک ووڈ نے 24 رنز اسکور کیے۔

پاکستان شاہینز کی جانب سے عرفات منہاس اور عالیان محمود نے 2 دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان شاہینز کی اننگز کے پہلے اوور کی پہلی 2 گیندوں پر ہی باسط علی اور شاویزعرفان آؤٹ ہو گئے۔ صفر پر 2 وکٹیں گر جانے کے بعد شامل حسین اور کپتان روحیل نذیر اسکور کو 49 تک لے گئے اس موقع پر شامل حسین 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان روحیل نذیر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان شاہینز کا اسکور 5 وکٹوں پر 91 رنز تھا۔ وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے پاکستان شاہینز کسی بھی موقع پر مضبوط پوزیشن میں نہ آسکی۔ پاکستان شاہینز اپنا دوسرا میچ سوموار کو اے سی ٹی کامیٹس کے خلاف کھیلے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp