پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کو دبئی کے مادام تساؤ میوزیم میں پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے موم کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ دبئی میں مادام تساؤ میوزیم میں کسی پاکستانی شخصیت کا یہ پہلا مومی مجسمہ ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دبئی ہمارے خاندان کے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے کیونکہ جب ہم جلا وطنی کی زندگی گزار رہے تھے تو میری والدہ شہید بینظیر بھٹو نے تقریباً 10 سال دبئی میں گزارے۔
بینظیر بھٹو کے مومی مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمزی، دیگر سفارتکاروں اور پاکستانی کمیونٹی کی دبئی میں مقیم ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
2 مرتبہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم رہنے والی بینظیر بھٹو پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن تھیں۔ وہ پاکستان کی پہلی خاتون تھیں جو 2 بار پاکستان کی وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔ انہیں 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں اپنی پارٹی کی ریلی سے باہر نکلتے ہوئے قتل کر دیا گیا تھا۔
دبئی ہمارے خاندان کے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے، بلاول بھٹو زرداری
تقریب سے خطاب کرتے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ ایک بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہم دبئی کے مادام تساؤ میوزیم میں شہید بینظیر بھٹو کے مجسمے کی نقاب کشائی کر رہے ہیں۔ میں نے اس مجسمے کو پہلی بار لندن کے مادام تساؤ میوزیم میں دیکھا تھا۔
“دبئی میرے لئے بہت خاص ہے کیونکہ میں نے اپنی ابتدائی اور ثانوی تعلیم یہاں متحدہ عرب امارات میں حاصل کی ہے لہٰذا ہمارا اس شہر اور اس ملک سے دلی لگاؤ اور گہرا تعلق ہے۔
📸 FM @BBhuttoZardari attended the unveiling of the wax figure of Former PM Shaheed Mohtarma Benazir Bhutto at an event held at @Tussauds_Dubai in UAE 🇦🇪 today. She is the first Pakistani whose wax figure is displayed at Madame Tussauds Dubai. pic.twitter.com/iI3HJQCbba
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) July 30, 2023
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہم مادام تساؤ میوزم کے زمہ داران کے بے حد شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہماری ماں کی یاد کو اس موم کے مجسمے کی شکل میں یہاں لایا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ماں بے نظر بھٹو جمہوریت، آزادی اور دنیا بھر میں خواتین کے مساوی حقوق کی علامت تھیں۔ انہوں نے پاکستان کے پرامن، خوشحال اور ترقی پسند معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد کی۔
محبوب قائد کا مومی مجسمہ دبئی میں دیکھ کر بہت خوش ہیں: جاوید یعقوب
تقریب کے موقع پر گلف نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر سردار جاوید یعقوب نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اپنے محبوب قائد کا مومی مجسمہ دبئی میں دیکھ کر بہت خوش ہیں۔’ جب وہ یہاں رہ رہی تھیں اور اپنے بچوں کی پرورش کر رہی تھیں تو ہم نے ان کے ساتھ یہاں ایک طویل اور بہت ہی خوشگوار وقت گزارا۔ ہم مادام تساؤ میوزیم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دبئی میں ہمارے قائد کی یادوں کو تازہ کیا۔
سابق وزیر اعظم پاکستان بینظیر بھٹو کے مومی مجسمے کی نقاب کشائی مادام تساؤ میوزیم میں کی گئی جس میں مجسمے کو وہی لباس پہنایا کیا گیا تھا جو انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کی حیثیت سے حلف اٹھاتے وقت پہنا تھا۔
یہ مجسمہ روایتی تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے 1989 میں بنایا گیا تھا۔ یہ مجسمہ مادام تساؤ میوزیم دبئی کے پہلے زون میں رکھا جائے گا جہاں شاہی خاندان اور دنیا کے دیگر رہنماؤں کے موم کے مجسمے بھی رکھے گئے ہیں۔
اس موقع پر مادام تساؤ دبئی کی جنرل منیجر سناز کولسروڈ نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری تقریب میں شریک ہوئے۔ ہم پاکستان کی سابق خاتون وزیر اعظم بینظیر بھٹو کو مادام تساؤ دبئی میں معزز شخصیات کی صف میں شامل کرنے اور اپنے پاکستانی مہمانوں کے ساتھ ان کی شخصیت کو شیئر کرنے انتہائی خوشی محسوس کرتے ہیں۔
بینظیر بھٹو بطور سیاست دان
سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو پاکستانی معروف خاتون سیاست دان تھیں جنہوں نے 1988 سے 1990 تک اور پھر 1993 سے 1996 تک پاکستان کی 11 ویں اور 13 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ جدید تاریخ میں کسی بھی اسلامی ریاست کی پہلی خاتون رہنما اور پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی بیٹی تھیں۔