چینی نائب وزیراعظم لی فینگ کی آج اسلام آباد میں کیا مصروفیات رہیں گی؟

پیر 31 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر اہم مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے۔ سی پیک سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ چینی نائب وزیراعظم لی فینگ کے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر چین کے نائب وزیراعظم لی فینگ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ چکے ہیں جو اسلام آباد میں مصروف ترین دن گزاریں گے۔ معزز مہمان وزیر اعظم ہاؤس میں پہنچ چکے ہیں، جہاں وزیراعظم  شہبازشریف نے کابینہ ارکان کے ہمراہ ان کا استقبال کیا، وزیراعظم شہبازشریف چین کے نائب وزیراعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔

چین کے نائب وزیراعظم اور وزیراعظم شہبازشریف کے مابین ون آن ون ملاقات ہوگی، دونوں ممالک کے مابین سی پیک سمیت متعدد شعبوں سے متعلق تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

چین کے نائب وزیراعظم لی فینگ آج ایوان صدر بھی جائیں گے جہاں وہ صدر ممکت عارف علوی سے ملاقات کریں گے۔ ایوان صدر میں چین کے نائب وزیراعظم کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ’ہلال پاکستان‘ سے نوازا جائے گا۔

مہمان نائب وزیراعظم کنونشن سینٹر اسلام آباد میں سی پیک کی 10 سالہ تقریب ’ڈیکیڈ آف سی پیک‘ میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف بھی تقریب میں موجود ہوں گے۔

کنونشن میں سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والی چینی اور دیگر کمپنیوں کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا، سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

چین کے نائب وزیراعظم کا گرمجوشی سے استقبال کرنے پر خوشی ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے نائب وزیراعظم اوروفد کا پاکستان آمد پر گرمجوشی سے استقبال کرنے پر خوشی ہوئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ہے لی فینگ اور ان کا وفد سی پیک کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کرے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ چین کا اعلیٰ سطح کا وفد گیم چینجر منصوبے کے تحت ہونے والی پیشرفت کا بھی مشاہدہ کرے گا۔

واضح رہے کہ چین کے نائب وزیراعظم لی فینگ کے دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ آج 31 جولائی اور کل یکم اگست کو اسلام آباد میں عام تعطیل ہوگی۔

کے ایس ای 100 انڈیکس 24 ماہ بعد 48000 کی حد عبور کرگیا

سی پیک کی کامیابی پر چینی نائب وزیراعظم کی پاکستان آمد، ریفائنری سیکٹر میں بیرونی سرمایہ کاری کے اعلانات کے بعد اسٹاک مارکیٹ 24 ماہ بعد 48000 کی حد عبور کر گیا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی، 2023 میں پہلی بار 100 انڈیکس 48000 کی حد عبور کر گیا ہے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار پوائنٹس پلس ہوگیا ہے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، انٹرسٹ ریٹ میں اضافے کی نفی کی خبر بھی مارکیٹ پر اثر انداز نہیں ہو سکی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp