پاک چائنہ اکنامک کوریڈور (سی پیک) کے 10 برس مکمل ہونے پر اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم پاکستان شہبا زشریف، چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے شرکت کی، اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سی پیک کی تکمیل کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب چینی وزیراعظم ہی لی فینگ نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو ہمالیہ سے بلند قرار دیا۔
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ چین کے نائب وزیراعظم سی پیک کے 10 برس مکمل ہونے پر تقریب میں شرکت کے لیے حکومت پاکستان کی دعوت پر تشریف لائے ہیں۔
سی پیک کے بہت سے منصوبوں پر کام وقت سے قبل مکمل کر لیا، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان اور چین کے لیے ایک یادگار ہے۔ چین نے ترقی کا سفر ہمت اور لگن سے طے کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین کی آزادی کے ساتھ ہی دونوں ممالک کی دوستی کا آغاز ہوا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دونوں ممالک کی دوستی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
Address of the Prime Minister of Pakistan H.E. Mian Muhammad Shehbaz Sharif on the occasion of the Decade of CPEC Celebration.@CMShehbaz #DecadeOfCPEC
1/2 pic.twitter.com/Rpv2fO0vnH— PTV News (@PTVNewsOfficial) July 31, 2023
وزیراعظم نے کہا کہ صدر شی چن پنگ نے دورہ پاکستان کے موقع پر سی پیک کا تحفہ دیا، ہم نے سی پیک کے بہت سے منصوبوں پر کام وقت سے قبل مکمل کر لیا اور کچھ منصوبوں پر کام تکمیل کے مراحل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کو ختم کرنے میں سی پیک کا اہم کردار ہے، توانائی بحران پر قابو پانے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہوئی جس سے لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئے۔
ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ چینی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دوستی نبھانے میں کردار ادا کیا، آج ہم باجوڑ واقعہ کی وجہ سے تقریب کو سادگی سے منا رہے ہیں، ہمیں دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اب ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، یہ مرحلہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اب اسپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کے ذریعے فاصلوں کو سمیٹ رہے ہیں۔ گوادر پورٹ آنے والے والے دنوں میں مصروف بندرگاہ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت گوادر کی ترقی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ گوادر میں پانی اور بجلی کا مسئلہ حل ہو چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین نے گزشتہ 4 ماہ کے دوران مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، ہم اس کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، اس کے علاوہ دوست ممالک نے بھی ساتھ دیا جس پر ہم سب کے شکر گزار ہیں۔
پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے، نائب چینی وزیراعظم
نائب چینی وزیراعظم ہی لی فینگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان ایک اہم منصوبہ ہے، اس منصوبے سے خطے میں سماجی ترقی کا دور شروع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہے۔
نائب چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے، سی پیک کے تحت اربن ریلوے، فائبر آپٹک سمیت دیگر منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا۔
Address of the Special Representative of the President of China Xi Jinging and Vice Premier of the People's Republic of China H.E. He Lifeng on the occasion of the Decade of CPEC Celebration.@CathayPak#DecadeOfCPEC
3/3 pic.twitter.com/JRtiM41seo— PTV News (@PTVNewsOfficial) July 31, 2023
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی، زراعت، آئی ٹی سمیت دیگر منصوبے شروع کیے گئے۔ سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر تقریب میں شریک ہونے پر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔
ہی لی فینگ نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان اور چین کے باہمی مفاد کو جلا بخشی، اس منصوبے کے تحت پاکستان میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور دوستانہ تعلقات ہیں، سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان فلیگ شپ منصوبہ ہے۔
چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان میں صنعتی ترقی کے دور کا آغاز ہوا۔ انڈسٹری، کلچر اور صحت کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
سی پیک کے ذریعے درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملی، احسن اقبال
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کے ذریعے درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملی، اس سے دونوں ملکوں میں خوشحالی اور ہم آہنگی میں اضافہ ہوا۔
احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے تحت طلبا کو اسکالر شپ دی گئی، اس منصوبے سے توانائی بحران سے نمٹنے میں مدد ملی۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چین نے پاکستان میں سی پیک کے تحت اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی، شہباز شریف کی قیادت نے سی پیک کو ایک نئی روح بخشی ہے۔